اسرائیلی حکومت کی جارحانہ پالیسیوں کے خلاف ہزاروں فلسطینیوں کا احتجاجی مظاہرہ

پیر 23 جنوری 2017 11:17

رملہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2017ء) اسرائیلی حکومت کی جارحانہ پالیسیوں کے خلاف ہزاروں فلسطینیوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ایرانی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق ہزاروں فلسطینیوں نے صیہونی حکومت کی جانب سے جاری غاصبانہ قبضے اور فلسطینیوں کے خلاف جارحانہ تشدد کی شدید مخالفت کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کیا اوراس کے جارحانہ اقدامات کی مذمت کی۔

فلسطینیوں کی جانب سے یہ احتجاجی مظاہرہ صحرائے نقب میں کیا گیا۔فلسطینی مظاہرین نے وادی عارہ میں عرعرہ کے قریب عارضی طور پر ہائی وے کو بھی بند کر دیا۔فلسطینی مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے کہ جن پر صیہونی حکام کے خلاف نعرے درج تھے۔فلسطینیوں کے پرامن احتجاجی مظاہرے کو روکنے کے لئے صیہونی حکومت کے سکیورٹی اہلکاروں نے طاقت کا استعمال کیا جس کے بعد فلسطینی مظاہرین اور صیہونی سکیورٹی اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں شروع ہو گئیں جن میں کم از کم سات فلسطینی زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

فلسطینیوں نے غاصب صیہونی حکومت کے جارحانہ اقدامات پرعالمی اداروں کی خاموشی پر بھی کڑی تنقید کی اوراس غاصب حکومت کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔واضح رہے کہ فلسطینی عوام نے یہ مظاہرے صحرائے نقب کے علاقے ام الحیران میں فلسطینیوں کے دسیوں رہائشی مکانات منہدم کئے جانے اوران کی جگہ پر تعمیراتی پروجکٹ شروع کرنے کے بعد کئے ہیں۔