نئی صنعتوں کے قیام اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ کیلئے سٹاک مارکیٹ کو کلیدی اہمیت حاصل ہے، صدر فیصل آباد چیمبر

اتوار 22 جنوری 2017 23:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2017ء): نئی صنعتوں کے قیام اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ کیلئے سرمائے کی فراہمی کیلئے سٹاک مارکیٹ کو کلیدی اہمیت حاصل ہے ، اس سلسلہ میں سنٹرل ڈیپازٹری کمپنی(سی ڈی سی) کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرانجینئر محمد سعید شیخ نے سی ڈی سی کے زیر اہتمام لگائے جانے والے پاکستان کیپیٹل مارکیٹ ایکسپو 2017 کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ سٹاک مارکیٹ کو کسی بھی ملک کی معیشت کوماپنے کیلئے بیرو میٹر کی حیثیت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی فیصلوں کے نتیجہ میں فوری طور پر سٹاک مارکیٹ میں مندے یا تیزی کے رجحان سے ان فیصلوں کی اہمیت اور ان کے دور رس نتائج کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے کہاکہ سٹاک مارکیٹوں کے ذریعے ہی صنعتی اور معاشی ترقی کیلئے سرمایہ فراہم ہوتا ہے جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے راہیں بھی سٹاک مارکیٹوں کے ذریعے ہی کھولی جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی محتاط معاشی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کی سٹاک مارکیٹ تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور اس وقت ہماری سٹاک مارکیٹ کا شمار دنیا کی پانچ بڑی مارکیٹوں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے فیصل آباد میں کیپیٹل مارکیٹ ایکسپو کے انعقاد کا بھی خیر مقدم کیا اور کہا کہ اس ایونٹ سے فیصل آباد کی تاجر برادری اور شرکاء کو شیئرمارکیٹ میں سرمایہ کاری کی اہمیت اور افادیت کو زیادہ بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملے گی اور اس سے وہ منافع بخش سرمایہ کاری کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے سرمائے کے بہترین استعمال کو بھی یقینی بنا سکیں گے۔

اس تقریب میں سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے جوائنٹ ڈائریکٹر انویسٹر ایجوکیشن مرتضیٰ عباس، پاکستان سٹاک ایکسچینج ریجنل ہیڈمسٹر صمد، میوچل فنڈز ایسوسی ایشن آف پاکستان کی چیف ایگزیکٹو آفیسر مشمومہ زہرہ مجید اور کیپیٹل ڈیپازٹری کمپنی کے منیجر مارکیٹنگ عارف احمد نے بھی خطاب کیا اور کیپیٹل مارکیٹ کی ترقی کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی۔