قومی مردم شماری مہم کو مقررہ شیڈول کے مطابق مکمل کرنے کیلئے ضروری انتظامات مکمل

اتوار 22 جنوری 2017 23:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2017ء) : قومی مردم و خانہ شماری مہم کو مقررہ شیڈول کے مطابق کامیابی سے مکمل کرنے کے لئے محکمانہ طور پر ضروری انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں تاہم ڈویژنل اور ضلعی سطح پر اس اپریشن کی احسن انداز میں تکمیل کے لئے مربوط محکمانہ حکمت عملی ناگزیر ہے ۔ یہ بات صوبائی سینسس کمشنر عارف انور بلوچ نے کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں مردم و خانہ شماری سے متعلق ضروری امور سے آگاہ کیا گیا ۔

میٹنگ میں ڈویژنل کمشنر مومن آغا ‘ ڈپٹی کمشنر سلمان غنی ‘ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ رائے واجد علی ‘ ایڈیشنل کمشنر ( کوارڈینیشن ) ملک خادم جیلانی ‘ اسسٹنٹ کمشنر جنرل مہر شفقت الله مشتاق ‘ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز‘ اسسٹنٹ سینسس کمشنر ظہور احمد اور دیگر افسران کے علاوہ جھنگ ‘ ٹوبہ اور چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی ۔

(جاری ہے)

صوبائی سینسس کمشنر نے کہا کہ مردم شماری ایک اہم اور حساس قومی فریضہ ہے جس کے لئے بے حد ذمہ داری ‘ احتیاط اور توجہ سے فرائض انجام دینے کی ضرورت ہے تاکہ تمام عمل شفاف اور اعداد و شمار قابل اعتبار انداز سے جمع کئے جا سکیں جو کہ وطن عزیز کی سماجی و معاشی ترقی کے لئے حقیقی و ٹھوس منصوبہ بندی کے لئے ضروری ہیں ۔ انہوں نے مردم و خانہ شماری کے لئے طے شدہ اصولوں و طریقہ کار سے آگاہ کیا اور کہا کہ اس ضمن میں سٹاف کی معیاری ٹریننگ کا بندوبست کیا گیا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد ڈویژن میں پہلے مرحلے کے دوران 15 مارچ سے مردم و خانہ شماری شروع ہو رہی ہے جس کے لئے ڈویژن کو چار ایڈمن ڈسٹرکٹس ‘ تحصیل کی سطح پر 18 سینسس ڈسٹرکٹس ‘ 201 چارجز ‘ 1409 سرکلز اور 11 ہزار 34 بلاکس میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ڈویژن میں کل 7840 افراد پر مشتمل سٹاف کو متعین کیا جارہا ہے جن کی مختلف گروپس میں ٹریننگ چھ فروری سے شروع ہو رہی ہے ۔

انہوںنے بتایا کہ ڈویژنل و ضلعی سطح پر کوارڈیننشن کمیٹیز مردم وخانہ شماری اپریشن کی نگرانی کریں گی اور ڈویژن‘ ضلع اور تحصیل کی سطح پر کنٹرول رومز کام کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ شمار کنندگان کے ہمراہ آرمی کا جوان بھی ڈیوٹی ادا کرے گا جسکا مقصد مردم شماری کو شفاف اور نقائص سے پاک رکھنا ہے تاکہ اس کے قابل اعتبار ہونے پر کوئی اعتراض نہ ہو ۔

انہوں نے ڈویژنل و ضلعی انتطامیہ سے کہا کہ وہ انتظامی و دفتری تعاون کرنے کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ شماریات کے افسران کے مابین مضبوط رابطے کے لئے جامع حکمت عملی وضع کریں ۔ ڈویژنل کمشنر مومن آغا نے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز سے کہا کہ وہ مردم و خانہ شماری کے اپریشن کی کامیاب تکمیل کے لئے ہر ممکن تعاون کریں اورمردم و خانہ شماری کے میٹریل کے ذخیرہ ‘ تحفظ اور نقل و حمل کے لئے ضروری انتطامات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے بھر پور رہنمائی فراہم کرنے پر صوبائی سینسس کمشنر عارف انور بلوچ کا شکریہ اداکیا۔

متعلقہ عنوان :