پشین اور گلستان میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ تعمیر کا خیرمقدم کرتے ہیں‘ پشتونخواملی عوامی پارٹی

اتوار 22 جنوری 2017 22:40

کوئٹہ۔22جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2017ء)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں پارٹی کے صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی کی جانب سے صوبائی اسمبلی میں پشین اور گلستان میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ تعمیر کرنے کے بارے میں پیش کی گئی قرار داد پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پارٹی وزراء اور اراکین صوبائی اسمبلی نے صوبے کے انتہائی اہم اور بنیادی مسئلے کی طرف صوبائی اور وفاقی حکومت کی توجہ مبذول کرکے قابل تحسین اقدام اٹھایا ہے کیونکہ متبادل ایئرپورٹ کی تعمیر اس جدید دور میں بنیادی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

پشتونخوامیپ کے وزراء اور صوبائی اراکین اسمبلی کی جانب سے اس اہم مسئلے پر قرار داد پیش کرنا اور صوبائی اسمبلی کی جانب سے ترامیم کے ساتھ متفقہ طور پر منظور کرنا خوش آئند ہے ۔ بیان میں صوبائی اسمبلی کی جانب سے معذوروں کے کوٹے پر عملدرآمد کے قرارداد کی منظوری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت صوبائی اسمبلی کے قرار داد کے سفارش کی روشنی میں تمام صوبائی محکموں کو پابند کرے کہ وہ ملازمتوں میں معذور افراد کے کوٹے پر عملدرآمد کویقینی بنائیں تاکہ معذور افراد کو بھی روزگار مہیا کیا جاسکے۔