مردم شماری پر بلوچستان کے بلوچ وپشتون قیادت کے خدشات وتحفظات ہیں، میر حاصل خان بزنجو

لاکھوں غیرملکی تارکین وطن کی موجودگی میں مردم شماری نیشنل پارٹی سمیت کسی کوبھی قبول نہیں ہے ،‘وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ

اتوار 22 جنوری 2017 22:10

تربت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2017ء) نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ‘وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ میر حاصل خان بزنجو نے کہاہے کہ بلوچ عوام کے خلاف ہونے والی ہرسازش کا نیشنل پارٹی بھرپوراندازمیں مقابلہ کرے گی‘ مردم شماری پر بلوچستان کے بلوچ وپشتون قیادت کے خدشات وتحفظات ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پارٹی ضلع کیچ کے ضلعی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ‘یہ کنونشن نیشنل پارٹی کے شہداء شہید ریاض بلوچ اور شہیدمیجر محمد علی کے نام سے منسوب کی گئی تھی‘ ضلعی کنونشن کی صدارت نیشنل پارٹی ضلع کیچ کے سابق صدر محمد طاہربلوچ نے کی ‘ میر حاصل خان بزنجو نے کہاکہ لاکھوں غیرملکی تارکین وطن کی موجودگی میں مردم شماری نیشنل پارٹی سمیت کسی کوبھی قبول نہیں ہے انہوں نے کہاکہ مردم شماری سے قبل تمام تارکین وطن خصوصاً افغانستان سے آئے ہوئے پناہ گزینوں کو واپس وطن بھجوانا لازمی ہے انہوں نے کہاکہ بعض عناصر مردم شماری پر خدشات وتحفظات کو غلط رنگ دے کر اسے بلوچ وپشتون کامسئلہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں انہوں نے کہاکہ بلوچ وپشتون دو برادر قوم ہیں ان کے تاریخی رشتے ہیں دونوں اقوام کی تارکین وطن کے حوالے سے ایک ہی سوچ ہے انہوں نے کہاکہ افغانستان کے مہاجرین کومردم شماری سے قبل بلوچستان سے واپس افغانستان بھیجنا چاہیے ‘ افغانستان کے مہاجرین کی موجودگی میں بلوچ کسی صورت بھی مردم شماری کوقبول نہیں کریںگے ‘ نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے ضلعی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے بلوچستان کے عوام کے خدشات دورکرنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں ٹیکنیکل ادارے قائم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بلوچستان کے نوجوانوں کو اس قابل بنایاجائے تاکہ وہ گوادرپورٹ اور دیگر اداروں میں ملازمتیں حاصل کرنے کے قابل ہوجائیں انہوں نے کہاکہ گوادرپورٹ اور سی پیک کے ملازمتوں پرپہلا حق گوادرکے مقامی باشندوں اوربلوچستان کے عوام کاہے انہوں نے کہاکہ گوادرکے عوام کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے خصوصی قانون سازی کی ضرورت ہے تاکہ بلوچستان اورگوادر کے عوام کوتحفظ دیاجاسکے انہوں نے کہاکہ سی پیک کے ریونیو میں بلوچستان کے حصے کو یقینی بنانے اورکاروبارمیں مقامی افرادکی شمولیت کوبھی یقینی بنانے کی ضرورت ہے ‘ضلعی کنونشن سے نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات جان محمدبلیدی ‘ صوبائی صدر کہدہ محمد اکرم دشتی ‘ مرکزی رہنما میئر تربت قاضی غلام رسول بلوچ ‘ واجہ ابوالحسن ‘مرکزی نائب صدربرائے سندھ انجینئر حمیدبلوچ ‘خضدارکے رہنما عبدالحمید ایڈووکیٹ ‘ ناظم الدین ایڈووکیٹ‘ خواتین سیکرٹری طاہرہ خورشید ‘ ودیگررہنمائوں نے بھی خطاب کیا ‘ضلعی کنونشن میں چئیرمین حلیم بلوچ نے سیکرٹری رپورٹ پیش کی ‘جبکہ اجلاس کے آغاز میں بی ایس او کاترانہ پیش کیاگیا جبکہ شہداء کی یادمیں 2منٹ کی خاموشی اختیارکی گئی ‘ آخرمیں نیشنل پارٹی ضلع کیچ کی کابینہ کے انتخابات عمل میں لائے گئے ‘الیکشن کیلئے نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات میرجان محمد بلیدی‘ خضدارکے رہنما عبدالحمید ایڈووکیٹ اور چیئرمین منصوربلوچ پرمشتمل الیکشن کمیٹی تشکیل دی گئی‘ جس میں نیشنل پارٹی ضلع کیچ کا صدرمحمدجان دشتی ‘ نائب صدر مشکورانوربلوچ ‘ جنرل سیکرٹری چیئرمین حلیم بلوچ ‘ڈپٹی جنرل سیکرٹری طارق بابل ‘ فنانس سیکرٹری محمد جان جوسکی ‘ انفارمیشن سیکرٹری ساجد حسن دشتی ‘خواتین سیکرٹری شاری ابوالحسن ‘ رابطہ سیکرٹری طارق عزیز اورلیبر سیکرٹری علیم بلیدی منتخب ہوئے۔