گوجرہ، بغیر پھاٹک ریلوے کراسنگ نے خاتون ،کمسن بچے سمیت ایک ہی خاندان کے 6افراد کی زندگی کا چراغ گل کر دیا

مشتعل افراد نے ریلوے ٹریک احتجاجاًچار گھنٹے تک بلاک کر دیا ،ریلوے ٹریفک چار گھنٹے تک معطل رہی

اتوار 22 جنوری 2017 21:40

گوجرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جنوری2017ء) گوجرہ میں بغیر پھاٹک ریلوے کراسنگ نے خاتون ،کمسن بچے سمیت ایک ہی خاندان کے 6افراد کی زندگی کا چراغ گل کر دیا،کراچی سے براستہ گوجرہ لاہور جانے والے شالیمار ایکسپریس (نائٹ کوچ )کار سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں خاتون ،ایک بچے سمیت6افرادجاں بحق ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق ضلع سرگودھا کی تحصیل سلانوالی کے چک 148/47کے رہائشی ایک خاندان ناصر،منصب،شہناز بی بی ،محمد افضل ،فلک شیر کمسن بچے فیضان کے ہمراہ گوجرہ کے نواحی گائوں 93ج ب میں منصب کو جوکہ فالج کا مریض تھا دلبر نامی شخص کے پاس دم کروانے کی غرض سے آرہے تھے کہ پکا آنا ریلوے اسٹیشن سے دو کلو میڑ کے فاصلہ پر 93ج ب و دیگر دیہات کو جانے والے راستہ میں ریلوے کراسنگ بغیر پھاٹک موجود ہے کار وہاں سے گزر رہی تھی کہ کراچی سے لاہور جانے والی شالیمار ایکسپریس ٹرین(نائٹ کوچ)بھی آرہی تھی جس کا کار کو چلانے والے بد قسمت ڈرائیور محمد افضل کو علم نہ ہو سکا اور تیز رفتار ٹرین کار سے ٹکرا گئی ٹرین نے کار کے پرخچے اڑا دیے جس کے نتیجہ میں کار سوار ایک ہی خاندان کے چھ (6)افرادمنصب علی(مریض فالج) ،شہناز منصب،سات سالہ کمسن فیضان منصب ،منصب کا بھائی ناصر ،افضل (ڈرائیور)، فلک شیر (ماموں منصب)سکنہ 200نسرانہ ضلع چنیوٹ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

(جاری ہے)

ٹرین کار کوتقریباً ایک کلو میٹر تک گھسیٹتی لے گئی اور چھ لاشیں ایک کلو میٹر تک الگ الگ بکھر گئیں۔حادثہ کی آواز سے قریبی گائوں کے لوگ جائے حادثہ پر جمع ہو گئے اور جاں بحق ہو نے والے افراد کی لاشوں کو اکٹھا کرکے ان پر کپڑے ڈالے ۔پولیس اور ریلوے حکام حادثہ کے دو گھنٹے بعد جائے حادثہ پر پہنچے جبکہ ضلعی انتظامیہ،ضلع کونسل کی چیئرپرسن فوزیہ خالد وڑائچ، ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عامر اعجاز اکبر،ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ عثمان گوندل،میں سے کوئی بھی موقع پر نہ پہنچا۔

مسلم لیگ ن کے ایم این اے چوہدری خالد جاوید وڑائچ ،پی ٹی آئی کے مقامی رہنما سابق امیدوار قومی اسمبلی اسامہ حمزہ،حادثہ کے اڑھائی گھنٹے بعد موقع پر پہنچے۔مسلم لیگ ن کے ایم این اے خالد جاوید وڑائچ کے آنے پر اہل دیہہ نے حکومت،وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ،کے خلاف شدید نعرہ بازی کی ۔مشتعل اہل دیہہ نے ٹریک ریلوے ٹریک احتجاجاًچار گھنٹے تک بلاک کر دیا جس سے ریلوے ٹریفک چار گھنٹے تک معطل رہی۔

اس موقع پر مسلم لیگ ن کے ایم این اے خالد جاوید وڑائچ نے مشتعل اہل دیہہ سے مذاکرات کیے اور ایم این اے نے یقین دھانی کروائی کے دو ماہ کے اند اندر 93ج ب کو جانے والے راستہ پر ریلوے کراسنگ پر پھاٹک کا انتظام کروا دیا جائے گا تاکہ آئندہ کوئی ایسا حادثہ رونما نہ ہو سکے۔واضح رہے اسی جگہ پر پہلے بھی متعدد حادثات رونما ہو چکے ہیں لیکن لوگوں کے احتجاج کے باوجود یہاں ریلوے پھاٹک کو ریلوے حکام کی جانب سے کوئی انتظام نہیں کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :