بھارتی آبی جارحیت پاکستان کیلئے لمحہ فکریہ ،سندھ طاس معاہدے پرپاکستان کادفاع کرنے کیلئے ماہرین کی ضرورت ہے ،فرحت اللہ بابر

بھارت کے ساتھ آئندہ مذاکرات میں پانی کے مسئلے کوضرورشامل ہوناچاہئے،نجی ٹی وی سے گفتگو

اتوار 22 جنوری 2017 21:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماسینیٹرفرحت اللہ بابرنے کہاہے کہ بھارتی آبی جارحیت پاکستان کیلئے لمحہ فکریہ ہے ،سندھ طاس معاہدے پرپاکستان کادفاع کرنے کیلئے ماہرین کی ضرورت ہے ،بھارت کے ساتھ آئندہ مذاکرات میں پانی کے مسئلے کوضرورشامل ہوناچاہئے ۔اتوارکے روزنجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ برصغیرمیں پانی کامسئلہ شدت اختیارکرتاجارہاہے ،خصوصاًپاکستان اوربھارت کے درمیان آنے والے دنوں میں آبی مسئلہ مزیدشدت اختیارکرسکتاہے جوکہ بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے بھی علی الاعلان پاکستان کاپانی روکنے اورپاکستان کوبنجرکرنے کی دھمکی دے رکھی ہے ۔

اب بھارت پاکستان میں آنیو الے پانی پربگلیہار،داورکشن گنگاڈیمزتعمیرکررہاہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ سندھ طاس معاہدے سے متعلق ہمیں شامل ماہرین تیارکرناہوں گے جوعالمی سطح پرپاکستان کے مؤقف کااچھی طرح دفاع کرسکیں ۔ہمیں فی الفورپاکستان میں پانی کے ذخائرپرتوجہ دینے کی ضرورت ہے ،اگرہم نے پانی کے ذخائرنہ بنائے اورسندھ طاس پراپنے مؤقف کابہتردفاع نہ کیاتوپاکستان کی زمین بنجرہوسکتی ہے ۔پہلے ہی بلوچستان تھراورچولستان کے علاقوں سے لوگ صرف پانی کی کمی کے باعث ہجرت کرنے پرمجبورہوگئے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ پاکستان اوربھارت کے درمیان آئندہ جب بھی مذاکرات ہوں گے مذاکرات میں آبی مسائل اورماحولیاتی تبدیلی کے باعث پیداہونیو الی صورتحال پربات کرنی چاہئے ۔(یاسرعباسی)