لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ، معیشت کی بحالی اور روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں،سینیٹر سردار محمد یعقوب خان ناصر

اتوار 22 جنوری 2017 21:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن )کے مرکزی سینئر نائب صدر سینیٹر سردار محمد یعقوب خان ناصر نے کہا ہے کہ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ، معیشت کی بحالی اور روزگار کی فراہمی وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں قائم حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔ عوام کا معیار زندگی بلندکرنے اور الیکشن میں کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے لئے ملک بھر میں نئے تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں کا قیام، ہیلتھ انشورنس کارڈز، وزیراعظم یوتھ لون اسکیم جیسے منصوبوں کا اجراء کیا گیا ہے ۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے اتوار کو اپنی رہائش گاہ پر مختلف اضلاع سے آئے ہوئے مسلم لیگ (ن )کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ا س موقع پر مسلم لیگ (ن)کے صوبائی جنرل سیکرٹری نصیب اللہ خان بازئی، میر گوہر خان مینگل، خدا بخش لانگو، حاجی فاروق یوسفزئی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سینیٹر سردار محمد یعقوب خان ناصر نے کہا کہ عوام باشعور ہوچکے ہیں اورملک میں جمہوری نظام کا تسلسل قائم ہو چکا ہے۔

اس لئے فیصلے سڑکوں کی بجائے پارلیمنٹ میں ہونے چاہیے۔ انہوںنے اپوزیشن جماعتوں کو مشورہ دیا کہ وہ آنے والے الیکشن کی تیاری کریں اور اپنا مقدمہ عوامی عدالت میں پیش کریں تاکہ دود ھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے۔ سینیٹر سردار محمد یعقوب خان ناصر نے کہا کہ قوم انتشار ، دھرنوں اور احتجاج کی سیاست کو مسترد کر چکی ہے اور عوام اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔

جس کیلئے وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔ اور بلوچستان کراچی اور فاٹا میں امن وامان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے جس کا کریڈیٹ پاک فوج ، حکومت اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کو جاتا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے مرکزی سینئر نائب صدر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)لوڈ شیڈنگ توانائی کے بحران اور دہشت گردی پر قابوپانے سمیت دیگر قومی مسائل کو حل کرتے ہوئے 2018ء میں خوشحالی پاکستان کے ساتھ عوام کے پاس جائیں گے اور مخالفین کو ووٹ کی طاقت سے کارکردگی کی بدولت شکست سے دوچارکریں گے۔

متعلقہ عنوان :