اسلام اعتدال پسندی اور امن و سلامتی کا درس دینے والا مذہب ہے ،ْسردار یوسف

شرپسند عناصر اور اسلام دشمن قوتیں اسلام کا ناطہ شدت پسندی سے جوڑنے کیلئے کوشاں ہیں ،ْوفاقی وزیر مذہبی امور

اتوار 22 جنوری 2017 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2017ء)وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ اسلام اعتدال پسندی اور امن و سلامتی کا درس دینے والا مذہب ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں پاک چائنا سینٹر میں مکالمہ اور امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا ا ہتمام وزارت مذہبی امور نے کیا تھا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کانفرنس کا ا نعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ اس کانفرنس کا مقصد تمام مکتبہ ہائے فکر کے مسلمانوں کو متحد کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس پوری دنیا کے مسلمانوں اور پاکستان کیلئے سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر اور اسلام دشمن قوتیں اسلام کا ناطہ شدت پسندی سے جوڑنے کیلئے کوشاں ہیں لہذا ہم سب مسلمانوں اور تمام پاکستانیوں کا فرض ہے کہ وہ ان اسلام مخالف عناصر کا ڈ ٹ کر مقابلہ کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں اسلام کے امن پسند ہونے کا مثبت تاثر پیش کرنے کیلئے متحد ہو جانا چاہئے۔ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں اور کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مشائخ اسلام کی کمیٹی پہلی کونسل جس نے تمام مکتبہ ہائے فکر کو متحد کیا ہے اور مسلمانوں کی رہنمائی اور اتحاد کیلئے انہیں ایک ہی صفحے پر لے آئی ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے عوام کیلئے دوسرا گھر ہے اور ہر قسم کے حالات میں سعودی عرب اور اس کے عوام کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں باہمی طور پر متحد ہو کر مسلمانوں کے خلاف سازشوں کو ناکام بنانا چاہئے۔