پاکستان سنی تحریک کے تحت منعقدہ سالانہ عظیم الشان جانثاراں مصطفیﷺ کانفرنس کی جھلکیاں

اتوار 22 جنوری 2017 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2017ء) پاکستان سنی تحریک کے تحت منعقدہ سالانہ عظیم الشان جانثاراں مصطفیﷺ کانفرنس کی جھلکیاں۔کانفرنس کے لئے 80 فٹ چوڑا، 40 فٹ لمبا اور 40 فٹ اونچا اسٹیج تیار کیا گیا تھا۔اسٹیج پر سالانہ عظیم الشان جانثاراں مصطفیﷺ کانفرنس کے بینر پر پاکستان سنی تحریک کے بانی شہید محمد سلیم قادری، قائد شہید عباس قادری اور قائد محمد ثروت اعجاز قادری کی تصاویر آویزاں تھیں۔

کانفرنس میں شرکت کے لئے عوام، میڈیا اور علماء کرام کے لئے علیحدہ علیحدہ گیٹ بنائے گئے تھے اور وہاں پر سیکورٹی کے لئے واک تھرو گیٹ نصب کئے گئے تھے،۔جلسہ کے لئے 30 ہزار سے زائد کرسیاں لگائی گئی تھیں۔نشتر پارک میں آنے والے شرکاء کے لئے مختلف کھانے پینے، اور مذہبی کتابوں، آڈیو اور ویڈیو سی ڈیز کے لئے مختلف اسٹالز لگائے گئے تھے۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں نشتر پارک کی جانب نمائش چورنگی، سولجر بازار اور دیگر اطراف کے راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے وہاں راستوں کو ٹریفک کے لئے مکمل بند کردیا گیا تھا اور وہاں پر پی سی ٹی کے رضا کار سیکورٹی کے فرائض انجام دے رہے تھے۔

کانفرنس اور اطراف کی سیکورٹی پر پولیس، رینجرز اور دیگر امن و امان کی بحالی کے اداروں کے سینکڑوں نوجوانوں کے ساتھ ساتھ پی ایس ٹی کے 2 ہزار سے زائد کارکنان خدمات انجام دے رہے تھے۔اسٹیج اور نشتر پارک میں پاکستان سنی تحریک کے سینکڑوں پرچم آویزاں کئے گئے تھے۔کانفرنس کے آغاز سے قبل بم ڈسپوزل اسکواڈ نے پورے میدان اور خصوصاً اسٹیج کی سرچنگ کا عمل مکمل کرکے اسٹیج اور گرائونڈ کو پی ایس ٹی کی انتظامیہ کے حوالے شام 7-00 بجے کیا۔

نشتر پارک میں اسٹیج کے علاوہ علماء کرام کے لئے خصوصی نشستوں کا اہتمام کیا گیا تھا جبکہ الیکٹرونکس اور پرنٹ میڈیا کے نمائندگان اور کیمرہ مین کے لئے علیحدہ اسٹیج بنایا گیا تھا۔جلسہ گاہ اور اطراف میں 200 سے زائد اسپیکر نصب کئے گئے تھے ۔جلسہ گاہ کے اطراف کی تمام عمارتوں پر پولیس اور رینجرز کے اہلکار چھتوں پر تعینات کئے گئے تھے۔جلسہ گاہ میں شرکت کے لئے آنے والے شرکاء کو واک تھرو گیٹ سے گزارنے کے بعد تعینات رضاکاروں اور دیگر اداروں کے اہلکاروں کی جانب سے میٹل ڈٹیکٹر اور جامہ تلاشی کے بعد اندر آنے کی اجازت دی جارہی تھی۔

جلسہ گاہ میں قائد سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری کی آمد کے موقع پران کا بھرپور استقبال کیا گیا اور پورا پنڈال نعروں سے کئی منٹوں تک گونجتا رہا۔جلسہ کی براہ راست کوریج کے لئے مختلف الیکٹرونکس میڈیا کی ڈی ایس این جیز کے علاوہ پاکستان سوشل میڈیا کی جانب سے خصوصی انکلوژرز بنائے گئے تھے۔رات 8-00 بجے تک علماء کرام کی آمد کا سلسلہ جاری تھا۔

متعلقہ عنوان :