تحریک آزادی جموں کشمیر کے تحت کراچی پریس کلب کے باہر افواج پاکستان کے حق میں بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا

افواج پاکستان کے خلاف زبان درازی کرنے والے بیرونی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔ پاک آرمی قوم کی محافظ ہے، ڈاکٹر مزمل اقبال

اتوار 22 جنوری 2017 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2017ء) تحریک آزادی جموں کشمیر کے تحت کراچی پریس کلب کے باہر افواج پاکستان کے حق میں بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس میں شہر بھر سے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے آزادی اظہار کی آڑ میں قومی سلامتی کے اداروں کے متعلق منفی پروپیگنڈہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے کتبے بھی اٹھا رکھے تھے جن پر کل بھی فوج محافظ تھی، آج بھی فوج محافظ ہیں، پاک آرمی سے رشتہ کیا لا الہ الا اللہ، افواج پاکستان کے دشمن پاکستان کے دشمن ہیں جیسے دیگر جملے بھی درج تھے۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جماعة الدعوة کراچی کے مسئول ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ قومی سلامتی کے اداروں کو متنازع بنانے کے لیے منفی پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

افواج پاکستان کے خلاف زبان درازی کرنے والے بیرونی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔ پاک آرمی قوم کی محافظ ہے، ملک و قوم کی خاطر قربانیاں دینے والوں کے خلاف پروپیگنڈہ ناقابل برداشت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم افواج پاکستان کے خلاف زبان درازی کرنے والوں کو جواب دینے آئے ہیں۔ افواج پاکستان کا کردار ملک دشمن قوتوں کو برداشت نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ منظم منصوبے کے تحت درجن بھر افراد کے ذریعے پاک آرمی کے خلاف زہر اگلا جا رہا ہے۔ مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ افواج پاکستان نے 1965ء میں ملک کا دفاع کیا۔ مشرقی پاکستان میں قربانیاں دیں۔

کارگل میں محافظ کا کردار ادا کیا۔ آج دہشت گردی کے خلاف محاذ جنگ پر کھڑے ہیں۔ دشمن قوتیں افواج پاکستان کا مورال گرانے کے لیے منفی پروپیگنڈہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے محافظوں کے خلاف سازش کرنے والوں کو برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ افواج پاکستان کی کامیابیوں کو زائل کرنے کے لیے بیرونی ایجنڈا پروان چڑھایا جا رہا ہے۔ ان حالات میں قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف پروپیگنڈہ کی بجائے ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا وقت کی ضرورت ہے۔

پاکستان کا ہر فرد ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہے۔ تحریک آزادی کشمیر کے رہنما حافظ عمران بھٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان کے خلاف دنیا بھر میں مہم چلائی جا رہی ہے۔ فوج کے مورال کو گرانے کے لیے ایک طبقہ سرگرم عمل ہے۔ فوج کے کردار کو متنازع بنانے والے امن کے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی کے نام پر افواج پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے والے پاکستان کے خلاف مجرمانہ کردار ادا کر رہے ہیں۔

جس کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی۔ جماعة الدعوة کے رہنما حافظ محمد امجد نے کہا کہ پاکستان آرمی کل بھی قوم کی محافظ تھی، آج بھی محافظ ہے۔ افواج پاکستان نے اس ملک کے دفاع کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ موم بتی مافیا کو جواب دینا جانتے ہیں۔ پاکستان کا ہر نوجوان ملک کی سلامتی اور تحفظ کے لیے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔