ملتان میٹرو بس سسٹم کے افتتاح کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، میٹرو بس اسیٹشنز پر ٹکٹ مشین نصب کر نے کا کام مکمل کر لیا گیا

اتوار 22 جنوری 2017 21:01

ملتان ۔22جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2017ء) ملتان میٹرو بس سسٹم کے افتتاح کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں ۔پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی طرف سے میٹرو بس اسیٹشنز پر ٹکٹ مشین نصب کر نے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے ۔کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو تمام ضروری آلات سے لیس کر دیا گیا ہے۔وزیر اعظم محمد نواز شریف کی طرف سے ملتان میٹرو بس سسٹم کے افتتاح کے دو گھنٹے بعد بس سروس شہریوں کیلئے دستیاب ہو گی۔

چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن(ر) زاہدسعید نے گزشتہ روز میٹرو بس روٹ ،اسٹیشنز اور جناح آڈیٹوریم کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا ۔کمشنر ملتان ڈویژن کیپٹن(ر) اسد اللہ خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ بعد ازاں چیف سیکرٹری نے سرکٹ ہائوس میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کی جس میں ممبران اسمبلی کے علاوہ آر پی او سلطان اعظم تیموری ،ڈپٹی کمشنر نادر چٹھہ، سی پی او احسن یونس ،ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے الطاف حسین ساریو، ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے رانا رضوان قدیر ، ٹیکنیکل ایڈوائزر میٹرو بس پراجیکٹ صابر خان سدوزئی اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیر اعظم پاکستان کے دورہ ملتان کے شیڈول کا جائزہ لیا گیا اور انتظامات کے حوالے سے ہدایات جاری کی گئیں۔پی ایچ اے نے افتتاح کے مقام میٹرو بس اسٹیشن چونگی نمبر۹کے سیٹنگ ایریا کو پھولوں سے لاد دیا ہے جن میں میری گولڈ، کیج فلاور،گنیل ڈولا کے پھول دار پودے شامل ہیں ۔توقع ہے کہ آج مزید 2ہزار پھولدار پودے لگائے جائیں گے۔اس مقام پر خوبصورت پلانٹر بھی رکھے گئے ہیں ۔

بہاء الدین زکریا یونیورسٹی میٹرو بس اسٹیشن کی سجاوٹ بھی جاری ہے ۔اس اسٹیشن پر وزیر اعظم محمد نواز شریف اور ان کے قافلے میںشامل وزیر اعلی ، گورنر پنجاب اور غیر ملکی سفیروں کو کمشنر ملتان ڈویژن کی طرف سے میٹرو بس پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ تزئین و آرائش کیلئے میٹرو بس روٹ پر لگائے گئے بجلی کے پولز پر قومی پرچم سے مشابہہ سبز اور سفید سپرل لائٹس لگائی جا رہی ہیں اور اسٹیشنز کے اندر اور باہر سرخ رنگ کے کپڑوں کے رنرز لگائے جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :