پاک سرزمین پارٹی کے رہنمائوں کے کراچی کے مختلف علاقوں کے دورے اورخطابات

جنوری کو تبت سینٹر میں ہونے والے جلسے کے متعلق پمفلٹ تقسیم

اتوار 22 جنوری 2017 21:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2017ء) پاکستان کی عوام 29 جنوری کو حکمرانوں کے احتساب کے لئے تبت سینٹر آ رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار سید مصطفی کمال نے انیس قائم خانی اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ گز شتہ شب کراچی کے مختلف علاقوں کے دورے کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پی ایس پی رہنمائوں نے طارق روڈ اور بہادر آباد کی مارکیٹوںسمیت گلستان جوہر اور گلشن معمار میں عوامی اجتماعات سے خطاب اور جلسے کے حوالے سے عوام میں پمفلٹ بھی تقسیم کئے، اس موقع پر عوام کا جوش و خروش قابل دید تھا، پی ایس پی ایس کے چیئر مین سید مصطفی کمال نے کہا کہ ہمارے آنے کا مقصد سیٹوں کی سیاست کرنا ہرگز نہیں بلکہ عوام کی حالت زار کو بدلنا اور انہیں ان کے جائز حقوق دلوانا ہے بدقسمتی سے ہم نے اور عوام نے جنہیں اپنا سمجھا انہوں نے ہمیں دھوکہ دیا ، اپنے مفادات کو ترجیح دی اور اسی کیلئے کام کیا، عوام کے مسائل سے ان کا کوئی لینا دینا نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ تصویر کھنچوانے اورکسی بھی حکومت کو گرانے کیلئے نہیں نکلے بلکہ عوام کی بقا اور ان کے مستقبل کیلئے عملی قدم اٹھایا ہے، کراچی کے شہری کی آدھی تنخواہ پانی کے حصول کیلئے خرچ ہوتی ہے انہوں نے کہاکہ 29 جنوری کو تبت سینٹر کے جلسے میں شرکت کی دعوت دینے کیلئے آپ کے پاس آئے ہیں ہم اپنے لئے نہیں بلکہ عوام اورآئندہ آنے والی نسلوں کیلئے آئے ہیںاس لئے عوام ہمارا ساتھ دیں۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ ایم اے جناح روڈ پر عوامی عدالت میں عوام اتنی بڑی تعداد میں شرکت کریں گے کہ لوگ گنتی بھول جائیں گے،ہمیں2018 میں ووٹ لینے کیلئے لوگوں کو خواب نہیں دکھانے بلکہ آج سے عملی اقدامات کرنے ہیں ۔انہو ں نے کہا کہ حیدرآباد کی عوام نے جس بڑی تعداد میں جلسے میں شرکت کی وہ دنیا نے میڈیا کے ذریعے دیکھا، اب کراچی کے لوگ اتنی بڑی تعداد میں آئیں کہ جلسے کے دوسرے سرے کو کیمرے کی آنکھ تلاش نہ کر سکے، حکمران اگر ہماری بنیادی ضروریات پوری نہیں کرسکتے تو پھر انہیں حکمرانی کا کوئی حق نہیںوہ عوام کو مزید بیوقوف نہیں بنا سکیں گے اور حکمرانی نہیں کر سکیں گے ۔#

متعلقہ عنوان :