مجلس وحدت مسلمین نے سانحہ پارا چنار کیخلاف ملک بھر میں یوم احتجاج منایا

اتوار 22 جنوری 2017 20:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جنوری2017ء) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے اعلان پر سانحہ پارا چنار کے خلاف ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا۔اس موقعہ پر اسلام آباد،راولپنڈی،لاہور، کراچی، حیدر آباد، ملتان،پشاور، کوئٹہ اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے۔

جن میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی و صوبائی قائدین کے علاوہ سینکڑوں کی تعداد میں کارکنان نے شرکت کی۔مقررین نے پارہ چنار میں بم دھماکے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔اسلام آبادمیں پریس کلب کے سامنے احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما اعجاز حسین بہشتی نے کہا کہ عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کو پاکستان میں داخل ہونے سے روکا جائے۔

(جاری ہے)

مفاد پرست اور موقعہ شناس خارجی طاقتیں پاکستان کی خود مختاری کے لیے چیلنج بنتی جا رہی ہیں۔امت مسلمہ میں بھڑکائی جانے والی آگ کو طے شدہ سازش کے تحت پاکستان منتقل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔پاکستان کی سالمیت و استحکام داعش اور دیگرکالعدم جماعتوں کی بیخ کنی سے مشروط ہے ۔انہیں پاکستان میں فعال ہونے کا موقعہ دینا اپنے گھر کو آگ لگانے کے مترادف ہو گا۔

حکومتی اداروں کی لمحہ بھر کی غفلت ملکی بقا و سالمیت کو سنگین خطرات سے دوچار کر کے رکھ دے گی۔انہوں نے کہا انتہا پسندعناصر پر ملکی سیاست میں حصہ لینے پر پابندی لگائی جانی چاہیے تاکہ ملک دشمن قوتوں کو سیاسی پشت پناہی حاصل نہ ہو سکے۔مختلف کالعدم جماعتوں کو داعش میں شامل ہونے سے روکنے کے لیے موثر حکمت عملی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وطن عزیز کی حفاظت ہر محب وطن کا قومی فریضہ ہے۔

جس کے لیے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کونیک نیتی سے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا پارا چنار بم دھماکے میں داعش ملوث ہے۔عالمی ذرائع ابلاغ متعدد بار اس حقیقت کو آشکار کر چکے ہیں کہ شام سے بھاگنے والے داعش کے دہشت گرد افغانستان کے راستے پاکستان میں داخل ہو رہے ہیں۔پاکستان میں ان عناصر کی موجودگی نہ صرف ملک و قوم کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے تشخص اور وقار کو بھی داغدار کرنے کا باعث بنے گا۔

دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان کو ایک جیسی رفتار کے ساتھ اہداف کی طرف بڑھنا ہو گا۔دہشت گردوں کے سہولت کاروں اور سیاسی پشت پناہوں کونکیل ڈالے بغیر مطلوبہ نتائج کا حصول ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی سرکوبی کے لیے ملک بھر میں بھرپورآپریشن کا آغاز کیا جائے۔پریس کلب راولپنڈی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی سیکرٹری جنرل علامہ علی اکبر کاظمی نے کہا ہے سانحہ پارا چنار متعلقہ اداروںکی غفلت کا نتیجہ ہے۔

پاراچنار کے عوام کو حب الوطنی کی سز ا نہ دی جائے۔ایک طرف پولٹیکل انتظامیہ کی طرف سے پاراچنار کی عوام کو ریاسی جبر کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ دوسری طرف دہشت گرد عناصر پُرامن شہریوں کے خلاف وحشیانہ کاروائیوں میں مصروف ہیں۔ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمہ کا حکومتی دعوے محض اخباری بیانات تک محدود ہیں۔انہوں نے کہا شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔پاکستان کے بیس کروڑ افراد کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جانا چاہیے۔سانحہ پارہ چنار میں ملوث عناصر کا انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے

متعلقہ عنوان :