کرال انٹر چینج کی لینڈ سکیپنگ سے خوبصورتی میں اضافہ اور ماحولیاتی آلودگی کم ہو گی،شیخ انصر عزیز

اتوار 22 جنوری 2017 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جنوری2017ء) سلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ کرال انٹر چینج کی تعمیر سے اس انٹرچینج سے جہاں ٹریفک کے بہائو کو بہتر بنانے اور مستقبل میں بڑھتی ہوئی ٹریفک کے دبائو کو کم کرنے میں مدد ملے گی وہاں اس کی جدید انداز میں لینڈ سکیپنگ سے اسلام آباد ہائی وے کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہو گا۔

وہ اتوار کو کرال انٹرچینج کے دورہ کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔ بریفنگ کے دوران انہیں کرال انٹر چینج کے لیے مجوزہ لینڈ سکیپنگ کے مختلف ڈیزان اور ان کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے ایم سی آئی کی انوائرنمنٹ ونگ کے سینئر افسران کو ہدایت کی کہ وہ لینڈ سکیپنگ کے مجوزہ ڈیزائن کے مطابق لگائے جانے والے پودوں، گھاس اور موسم سے مطابقت رکھنے والے موزوں پھولدار پودوں کے لیے اپنی پیشہ ورانہ تکنیکی معاونت فراہم کریں کیونکہ اسلام آباد ہائی وے کو سگنل فری کرنے کا یہ منصوبہ نہایت اہم اور مفید منصوبہ ہے جسے ماضی میں نظر انداز کیا جا تا رہا۔

(جاری ہے)

میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ وزیرِ اعظم پاکستان محمد نواز شریف پورے اسلام آباد بالخصوص اس اہم نوعیت کے منصوبے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور انہوں نے اس ضمن میں واضح ہدایات دی ہیں کہ روزانہ ہزاروں کی تعداد میں گاڑیاں اس اہم شاہراہ کو استعمال کرتی ہیں مگر رش کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے اس لیے اس منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے۔

بریفنگ کے دوران میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کو بتایا گیا کہ کرال انٹر چینج کی لینڈ سکیپنگ کے ڈیزائن میں اس بات کا خصوصی خیال رکھا گیا ہے کہ لینڈ سکیپنگ سے جہاں خوبصورتی ہو وہاں ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے میں بھی مدد ملے ۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے ہدایت کی کہ پودوں بالخصوص پھولدار پودوں کے انتخاب میں اس بات کا خصوصی خیال رکھا جائے کہ سال بھر اس انٹر چینج کی خوبصورتی برقرار رہے اور مرجھانے والے پودوں کی بروقت تبدیلی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انٹر چینج میں بڑے درختوں سے گریز کیا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی میں فرق نہ پڑے اور درختوں کے باعث دیکھنے میں دشواری نہ ہو۔