پاکستان پر 70سال سے معاشی دہشتگردقابض ہیں جنھوں نے پاکستان کو75ارب ڈالر کا مقروض بنادیا ہے جس کے نتیجے میں تعلیم صحت بے روزگاری اورمحرومیوں میں اضافہ ہواہے ،ملک کی45فی صد لوگ خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں،حکمرانوں کی ناکام معاشی پالیسیوں اور کرپشن کی وجہ سے پی ٹی وی موٹرویز اور ائیرپورٹس کو گروی رکھ دیاگیا ہے

جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مشتاق احمد خان کاجے آئی یوتھ کابینہ کی تقریب حلف برداری سے خطاب

اتوار 22 جنوری 2017 20:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جنوری2017ء) جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان پر 70سال سے معاشی دہشتگردقابض ہیں جنھوں نے پاکستان کو75ارب ڈالر کا مقروض بنادیا ہے جس کے نتیجے میں تعلیم صحت بے روزگاری اورمحرومیوں میں اضافہ ہواہے اور ملک کی45فی صد لوگ خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ حکمرانوں کی ناکام معاشی پالیسیوں اور کرپشن کی وجہ سے پی ٹی وی موٹرویز اور ائیرپورٹس کو گروی رکھ دیاگیا ہے جبکہ حکمران یہی قرضے لے کراپنے اکائونٹس میں واپس جمع کرادیتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے پی کی32کے زیر اہتمام -'کرپشن نامنظور" جلسہ عام اور یونین کونسل کرنل شیر کے نومنتخب جے آئی یوتھ کابینہ کی تقریب حلف برداری کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ حکمرانوں کی نااہلی کے باعث قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی امریکی قید میں ہے مگر حکمرانوں کی تمام تر توجہ کرپشن کرنے اور اس کے دفاع میں لگی ہوئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ یکم جنوری کو جے آئی یوتھ کے انٹراالیکشن سے نئے خیبرپختونخوا کی بنیاد رکھی گئی ہے جبکہ پہلے مرحلے کے کامیاب انعقادکے بعد 12فروری 2017کو صوبہ کے باقی تمام یونین کونسلز میں دوسرے مرحلے کے انٹراالیکشن میں نوجوان ووٹ کے ذریعے اپنے لئے یوتھ قیادت منتخب کریں گے جس سے نوجوانوں کی ایک بڑی قوت قومی سیاست کے افق پر نمودار ہوگی جو مستقبل میں پاکستان کی قیادت کرے گی 16اپریل 2017کو لاکھوں نوجوانوں کا یوتھ کنونشن منعقد کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ نیب کی مثال دھوبی گھاٹ کی ہے جو پلی بارگین کے ذریعے بڑے بڑے ڈاکوئوںکے داغ دھوکر کلین چٹ دے کر انھیں معاشرے میں سفید پوشی کا سرٹیفیکیٹ جاری کرتی ہے۔انھوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 60ہزارافراد ہلاک ہوئے ہیں مگر ان معاشی دہشتگردوں کے نرغے میں آکر پاکستان کی20کروڑ عوام انتہائی سخت زندگی گزاررہے ہیں انھوں نے کہاکہ2018جماعت اسلامی کی جیت کا سال ہوگاان انتخابات میں ان لوگوں کی ضماتیں ضبط کردیں گے جو نئے ناموں اورنئے جھنڈوں سے عوام کوڈیموکریسی کی آڑ میں ڈاکو کریسی کے ذریعے لوٹ رہے ہیں جماعت اسلامی کے نوجوانوں کی قوت سے پاکستان کو کرپشنستان بنانے والوںکایوم احتساب آنے والا ہے۔

انھوں نے کہا کہ آج دنیا بھر میں پاکستانی پاسپورٹ اور ہماراقومی لباس ذلت اور بے توقیری کی علامت سمجھا جاتا ہے لیڈرز کی آڑ میں ڈیلرز جن کی سیاست کا مقصد کرپشن اور اپنے جاگیریں بناناہے جنھوں نے آج تک نوجوانوں کو اپنی پارٹیوں میں کوئی مقام اورحیثیت نہیں دی کیونکہ وہ خوف زدہ ہیں کہ اگر ان نوجوانوں کو ان کا جائز مقام دیا گیا تو یہ لوگ ان کی خاندانی سیاست کا جنازہ نکال دیں گے۔

ایسے موقع پر جماعت اسلامی ہی وہ واحد جماعت ہے جس نے ملک کی13کروڑ نوجوانوں کو اپنے اندر سمونے اور ملکی سیاست میں اپنا کرداراد اکرنے کا موقع دیا ہے جماعت اسلامی کی پاک صاف اور بے داغ قیادت جس کے غیر بھی معترف ہیں اورجس کی سند پاکستان کی سب سے اعلٰی عدلیہ نے بھی اپنے ریمارکس کے ذریعے دی ہے صرف یہی ویژنری قیادت پاکستان سے جہالت کے اندھیرے ختم کرسکتی ہے اور پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک جدیداسلامی فلاحی ریاست بنا سکتی ہے۔اس موقع پر امیرضلع محمودالحسن،جے آئی یوتھ کے ضلعی صدرظفربخاؔری اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ جمعیت طلبہ عربیہ(ف) شیوہ کے صدرمحمد عبیداورعوامی جمہوری اتحاد کے محمدطاہر نے اپنے درجنوں ساتھیوں سمیت جے آئی یوتھ میں شمولیت کا اعلان کیا۔

متعلقہ عنوان :