نوشہرہ ‘اضاخیل پولیس کا جی ٹی روڈ پر نجی ہوٹل میں رقص و سرور کی محفل پر چھاپہ

اتوار 22 جنوری 2017 20:10

نوشہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2017ء) نوشہرہ تھانہ اضاخیل پولیس نے جی ٹی روڈ پر نجی ہوٹل میں رقص و سرور کی محفل پر چھاپہ مارا۔ شادی کی خوشی میں نیم عریاں ڈانس کرنے والی سات رقصائیں‘ دلہا اوراس کے 54 ساتھیوںکو گرفتار کرلیا گیا۔ دلہا کو اپنے ساتھیوں سمیت شادی کی رات اور ولیمہ کا سارا دن جیل میں گزارنا پڑا جبکہ رقصاؤں کو وومین پولیس اسٹیشن پہنچادیا گیا۔

اضاخیل پولیس نے رقص وسرور کا سامان قبضے میں لے کر مقدمہ درج کردیا۔تفصیلات کے مطابق جی ٹی روڈ پر واقع ریسٹورنٹ میں رقص و سرور کی محفل اور ہوائی فائرنگ کی اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی پبی سرکل خان خیل خان، ایس ایچ اواضاخیل حاجی خادمین خا ن آر آر ایف اورایلیٹ فورس پر مشتمل پولیس کی بھاری نفری نے ریسٹورنٹ کاگھیرائو کرکے شفیق ولد سعید سکنہ سوات حال عشورآباد امان گڑہ کی شادی کی خوشی میں جاری رقص و سرور کی محفل الٹ دی ‘ 54تماش بین اور دولہا شفیق کوگرفتار کر کے حوالات منتقل کردیا گیا جبکہ سات رقصائوں کولیڈیز پولیس کی موجودگی میں پشاور ویمن پولیس اسٹیشن منتقل کیاگیا۔

(جاری ہے)

ڈی پی او واحد محمو د کے مطابق ریسٹورنٹ انتظامیہ کے خلا ف قانونی چارہ جوئی بھی کی جائے گی۔دولہا شفیق کو بھی رات حوالات میں گزارنی پڑی ۔ اتوار کے روز تمام ملزمان کو مجسٹریٹ ان ڈیوٹی کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں تمام ملزمان کو عبوری ضمانت پر رہا کردیاگیا۔

متعلقہ عنوان :