انسٹی ٹیوٹ آف بنکنگ اینڈ فنانس کے سالانہ تقسیم انعامات کی تقریب

اتوار 22 جنوری 2017 20:10

ملتان ۔22جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2017ء)طالبعلم اپنے اندر سرگرم فعالیت پیدا کریں تاکہ معاشرے کو طالب علموں اور درس گاہوں سے فکری قیادت مل سکے۔ ان خیالات کا اظہار بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طاہر امین نے انسٹی ٹیوٹ آف بنکنگ اینڈ فنانس کے سالانہ تقسیم انعامات کی تقریب کے موقع پر کیا۔

انہوں نے کہا کہ بہاء الدین زکریا یونیورسٹی کے طلباء و طالبات میں بے پناہ ٹیلنٹ اور اہلیت ہے۔ یہ شعبہ بزنس اور بنکنگ کے شعبہ میں بہترین گریجویٹ پید ا کر کے جامعہ زکریا کے ساتھ ساتھ ملک و قوم کا نام روشن کرنے میں بھر پور کردار ادا کررہا ہے۔کسی بھی شعبہ میں ترقی کی وجہ اس شعبہ کے اساتذہ کرام اور خاص طور پر چیئرمین کی کارکردگی ہوتی ہے جو میں آج دیکھ رہا ہوں۔

(جاری ہے)

انسٹی ٹیوٹ آف بنکنگ اینڈ فنانس نے مختصر عرصہ میں بہت ترقی کی ہے۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی ایم ڈی سٹیٹ بنک قاسم نواز، ڈپٹی کمشنر ملتان نادر چٹھہ صدر ملتان چیمبر آف کامرس خواجہ جلال الدین رومی ممتاز صنعتکار ذوالفقار انجم اور ڈائریکٹر جنرل آئی بی شیخ محمد افضل تھے۔ تقریب کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طاہر امین نے کی جبکہ ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر شوکت ملک نے سپاس نامہ پیش کیا۔

تقریب کے مہمانان خصوصی نے اپنے اپنے خطاب پر اس بات پر زور دیا کہ وہ محنت، ایمانداری کو اپنا شعار بنائیں اور نوکریوں کی بجائے اپنے کاروبار کرنے کو ترجیح دیں ۔ انہوں نے شعبہ کے ڈائریکٹر کو ان کی کارکردگی کے حوالے سے مبارک باد دی۔ایم ڈی سٹیٹ بنک نے شعبہ ھذا کے مزید طلباء و طالبات کو سٹیٹ بنک و دیگر مالیاتی اداروں میںملازمت دلوانے کا وعدہ کیا اور دیگر اداروں کے سربراہان نے بھی اپنے اداروں کی جانب سے انسٹی ٹیوٹ آف بنکنک اینڈ فنانس کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر شوکت ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ انہوں نے یہ شعبہ صفر سے شروع کیا اور چار سال کی قلیل مدت میں یہ شعبہ نہ صرف یونیورسٹی بلکہ اس خطے میں اپنی شناخت بنا چکا ہے ۔ ہزار وں طلباء و طالبات کی درخواستوں میں سے صرف سینکڑوں کو میرٹ کی بنیاد پر داخلہ دیا جاتا ہے ۔ پہلے سیشن کے فارغ التحصیل طلباء و طالبات اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طاہر امین اس خطہ کی سب سے بڑی یونیورسٹی کے علمی رتبہ کو بڑھانے کے لئے کوشاں ہیں اور اس میں مسلسل کامیابیاں سمیٹ رہے ہیں۔ شعبہ کی اس سالانہ تقریب میں مختلف شعبوں کے چیئرمین و اساتذہ کرام ، سول سروسز اور پولیس کے افسران، ججز،صحافی، وکلاء، چیمبر ا ٓف کامرس کے نمائندگان ، تمام بنکوں کے ریجنل چیف اور پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات کے والدین سمیت سول سوسائٹی کے لوگوں نے شرکت کی۔