کپاس کی فصل کو گلابی سنڈی اورملی بگ سے بچائوکیلئے انتظامات مکمل کرلئے گئے

اتوار 22 جنوری 2017 20:10

ملتان ۔22جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2017ء)پاکستان سینٹرل کاٹن کمیٹی اوروزارت ٹیکسٹائل نے محکمہ زراعت کے اشتراک سے ایک جامع مہم کاآغازکیاہے جس کے تحت کپاس کی فصل سے گلابی سنڈی اورملی بگ کے خاتمے کیلئے آف سیزن انتظامات کئے جائیں گے اورلائحہ عمل کی تربیت بھی دی جائے گی ۔سینٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان کے ماہر نباتات ڈاکٹرنوید نے ’’اے پی پی ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ یہ کیڑے کپاس کی کوالٹی اورپیداوار کومتاثر کرنے کے ساتھ ساتھ کاشتکاروںکی آمدن پربھی بری طرح اثراندازہوتے ہیں ۔

اس جامع مہم کے تحت خانیوال ،وہاڑی ،ساہیوال ،بہاولنگر،بہاولپور،لودھراں ،ملتان ،بھکر ،لیہ ،مظفرگڑھ ،ڈیرہ غازیخان ،لودھراں سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں محکمہ زراعت کے اہلکاروں کوتربیت دی جائے گی ۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت کے تربیت یافتہ اہلکار کاشتکاروں کوگلابی سنڈی اورملی بگ کے نقصانا ت اور کنٹرول کیلئے اقدامات سے آگاہ کریں گے ۔ریسرچ کے مختلف محکموں کے ماہرین نے اس خطرے سے نمٹنے کیلئے 24نکاتی حکمت عملی تیارکرلی ہے۔

ڈاکٹرنوید اورسینٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے افسرساجد محمودکے مطابق آف سیزن منیجمنٹ کے تحت کاشتکاروں سے کہاگیاہے کہ وہ چھڑیوں کے چھوٹے بنڈل بناکراوپرکے رخ میں رکھیں اورانہیں مئی جون میںکھولاجائے ۔فیکٹریوں میں ضائع شدہ کپاس کی صفائی بروقت کرلینی چاہیے ۔15اپریل سے پہلے کپاس کی کاشت نہیںہونی چاہیے ۔