Live Updates

ملک کی تیز رفتار ترقی دیکھ کر مخالفین کی بے چینی بڑھ رہی ہے، سابق حکمرانوں کی لوٹ مار کی ہوس نے ملک کو بحرانوں اور اندھیروں میں دھکیلا، جھوٹے الزامات اور منفی سیاست کرنے والوں نے دھرنوں کے ذریعے قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا،وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف

اتوار 22 جنوری 2017 20:10

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2017ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی تیز رفتار ترقی دیکھ کر مخالفین کی بے چینی بڑھ رہی ہے - ایک طرف ویژن سے عاری سابق حکمران ہیں جنہوں نے معیشت کا بیڑا غرق کیاجبکہ دوسری طرف دھرنا گروپ ہے جس نے انتشار کی سیاست کے ذریعے ترقی کا راستہ روکنے کی کوشش کی - سابق حکمرانوں کی لوٹ مار کی ہوس نے ملک کو بحرانوں اور اندھیروں میں دھکیلا- جھوٹے الزامات اور منفی سیاست کرنے والوں نے دھرنوں کے ذریعے قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا- قوم کو اندھیروں اور مشکلات سے دوچار کرنے والوں کو عوام کی ترقی کے سفر سے تکلیف ہو رہی ہے -اپنے دور حکومت میںانہیں عوام کی تکالیف کا احساس نہ ہوا بلکہ بے دردی سے قومی وسائل کی لوٹ مار میں لگے رہے - سابق حکمرانوں کی ترجیحات کچھ اور تھیں جس سے عوام کے مسائل بڑھی-وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایک وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کیا- وزیراعلیٰ نے کہا کہ کامیابی نعروں سے نہیں بلکہ عوام کی حقیقی خدمت سے ملتی ہے - پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گزشتہ ساڑھے تین سال سے عوام کی بے لوث خدمت کی ہے - وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی منزل کے حصول کا خواب پورا ہو رہا ہے -اندھیروں کو روشنیوں میں بدلنے کا سفر طے ہونے کو ہے - انہوں نے کہا کہ سابق حکمران قومی وسائل کی لوٹ مار کی بجائے قوم کو درپیش سنگین چیلنجز پر توجہ دیتے تو ملک بحرانوں میں نہ گھرا ہو تا-انتشار اور احتجاج کی سیاست کرنے والوں کو عوام کی فلاح سے کوئی سروکار نہیں اور ان عناصر نے کبھی دھرنوں ، کبھی لاک ڈاؤن اور کبھی شہر بند کرنے کی منفی سیاست کے ذریعے ترقی کے سفر میں میں روڑے اٹکائی- قوم اندھیرو ں میں ڈوبی اور مشکلات میں گھری ہوئی تھی تو دھرنا گروپ اپنی منفی سیاست میںمصروف رہا-عوام کی ترقی کے مخالفین نے دھرنوں کے ذریعے قومی معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا- دھرنے والوں کی چوردروازے سے حصول اقتدار کی ہوس اور منفی طرز سیاست کے باعث ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر ہوئی-یہ جانتے ہوئے بھی کہ ملک احتجاج کی سیاست کا متحمل نہیں پھر بھی دھرنا گروپ نے اپنا منفی طرز عمل نہ بدلا اور بدقسمتی سے ان عناصر نے اپنے ذاتی مفادات کو قومی مفادات پر ترجیح دی- ترقیاتی منصوبوں میں روڑے اٹکا کر عوام کی ترقی کے دشمن ہونے کا ثبوت دیا-وزیر اعلی نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں ملک کو مسائل سے نکالنے کیلئے کی گئی سنجیدہ کاوشیں رنگ لا رہی ہیں -دھرنوں کے ذریعے ضائع ہونے والے قیمتی وقت کی تلافی محنت ، دیانت او رامانت کے ذریعے کی گئی ہے - انشاء اللہ ملک سے اندھیرے دور ہونے کا وقت آگیا ہے اورتوانائی منصوبوں پر دن رات بے پناہ کام کیا گیا ہے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوا م سے بجلی کے بحران کے خاتمے کے وعدے کی تکمیل کی جانب بڑھ رہی ہے اوراس سال کے آخر تک توانائی منصوبوں کے مکمل ہونے سے ملک سے ہمیشہ کیلئے بجلی کے اندھیرے چھٹ جائیں گے - توانائی بحران کے خاتمے سے شہر ، گاؤں اور قریہ قریہ روشن ہو گا- صنعت، زراعت اور سماجی شعبے ترقی کریں گے،روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور توانائی بحران کے خاتمے سے ملک میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا-
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :