اسلام آباد، پھلگراں میں شریف شہری کی زمین پر قبضہ کرنے کیلئے مقامی پولیس اور قبضہ مافیا میں ایکا

قبضہ گروپ کے غنڈوں نے شہری کے زیر تعمیر مکان سے تعمیراتی سامان زبردستی اٹھا لیا بھارہ کہو پولیس نے محمد فاروق کی درخواست پر کارروائی کی بجائے چپ سادھ لی متاثرہ شہری کی چیف جسٹس ثاقب نثار اور وزیرداخلہ چوہدری نثار سے انصاف کی اپیل

اتوار 22 جنوری 2017 20:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2017ء) وفاقی دارالحکومت کے نواحی گاؤں پھلگراں میں شریف شہری کی زمین پر قبضہ کرنے کیلئے مقامی پولیس اور قبضہ مافیا ایک ہوگئے۔قبضہ گروپ کے غنڈوں نے شہری محمد فاروق کے زیر تعمیر مکان سے تعمیراتی سامان زبردستی اٹھا لیا۔بھارہ کہو پولیس نے شہری محمد فاروق کی درخواست پر کارروائی کرنے کی بجائے چپ سادھ لی۔

محمد فاروق نے چیف جسٹس ثاقب نثار اور وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان سے اپیل کی ہے کہ اس بااثرگروپ سے میری جان ومال کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔تفصیلات کے مطابق پھلگراں کے ایک شہری محمد فاروق نے چیف جسٹس ثاقب نثار اور وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کے نام اپیل میں کہا ہے کہ میں نے اپنی جمع پونجی سے بچوں کا گھر بنانے کیلئے پھلگراں میں تین کنال13مرلے زمین 4سال پہلے خریدی تھی اس کی رجسٹری اور انتقال میرے نام پر موجود ہے۔

(جاری ہے)

مورخہ20جنوری کو جب ہم اپنی زمین پر تعمیرات کر رہے تھے تو20مسلح افراد نے آکر ہمارے مزدوروں پر حملہ کردیا اور بھتیجے کو بری طرح زدوکوب کیا۔میری اطلاع پر تھانہ بہارہ کہو پولیس موقع پر پہنچی لیکن اس بااثر گروپ کے خلاف کارروائی کی بجائے ہمیں صلح پر مجبور کرنا شروع کردیا۔پولیس نے اس واقعہ کی تصویریں بھی بنائیں لیکن اس مافیا کیخلاف ابھی تک کوئی ایکشن نہیں لیا گیا ہے بلکہ پولیس ہمیں مجبور کر رہی ہے ملزمان سے مل بیٹھ کر بات کریں۔

محمد فاروق نے اپنی اپیل میں کہا ہے کہ یہ20مسلح افراد ایک مقامی شخص ڈاکٹر حفیظ کے کہنے پر آئے تھے اور نہ صرف ہمارے بندوں پر تشدد کیا بلکہ ہمارا قیمتی سامان بھی اٹھا کر لے گئے۔پولیس کو ہم نے اٹھائے گئے سامان کی فہرست بھی فراہم کردی ہے۔اب یہ قبضہ گروپ مجھے اور میرے بچوں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہا ہے اور علاقے میں انکی کافی دہشت بھی موجود ہے۔

محمد فاروق نے اپیل میں کہا ہے کہ میں نے ساری زندگی کی کمائی اکٹھی کرکے یہ جگہ خریدی ہے تاکہ بچوں کو چھت کا تحفظ دے سکوں لیکن قبضہ مافیا ہمارے جان ومال کے درپے ہے،مجھے یقین ہے چیف جسٹس آف پاکستان اور وزیرداخلہ کے نوٹس سے یہ قبضہ مافیا ہماری جان چھوڑ دے گا اور اگر ارباب اختیار نے اسکا نوٹس نہ لیا تو یہ مافیا ہماری زمین بھی چھین سکتا ہے اور جان بھی لے سکتا ہے۔محمد فاروق نے اپنی اپیل میں کہا ہے کہ پولیس کو ہم نے بلایا لیکن وہ ملزمان کے ساتھ مل گئی۔مجھے پوری امید ہے ہمیں انصاف اور حق دیا جائے گا۔۔۔(ولی)