سیلاب سے بچاؤ کے پیشگی انتظامات کے سلسلہ میں تمام متعلقہ محکموں کی ذمہ داری ہے، محمد علی رندھاوا

ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے اپنی تیاریاں شروع کر دیں، ڈپٹی کمشنر حافظ آباد

اتوار 22 جنوری 2017 19:20

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2017ء) ڈپٹی کمشنر حافظ آباد محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ سیلاب کے بچاؤ کے پیشگی انتظامات کے سلسلہ میں تمام متعلقہ محکموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے اپنی تیاریاں شروع کر دیں ۔ انہوں نے کہا کہ بالخصوص محکمہ انہار اس ضمن میں حفاظتی بند کی تعمیر کے لئے تمام اقدامات بروئے کار لاتے ہوئے خدانخواستہ سیلاب کی صورت میں دریا کے کنارے واقع آبادی کا تحفظ یقینی بنانے کا پابند ہو گا۔

انہوںنے متعلقہ افسران اور محکمون پر واضح کیا کہ اس حوالے سے کسی بھی سستی اور عدم دلچسپی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات سیلاب کے پیشگی حفاظتی انتظامات کے جائزہ کے سلسلہ میں قادرآباد بیراج کے دورہ کے موقع پر کہی۔

(جاری ہے)

اے ڈی سی (آر) اللہ دتہ وڑائچ، ایکسئن قادرآباد بیراج میاں محمد فاروق ،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شاہد بھٹی ، ضلعی آفیسر ریسکیو1122صبغت اللہ اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ڈپٹی کمشنرکو بریفنگ دیتے ہوئے ایکسئن قادرآباد نے بتایا کہ خانکی بیراج سے نکالی جانے والی نہر کی کم ولاسٹی کی وجہ سے دریائے چناب میں بیلہ بن چکا ہے جس کی وجہ سے دریا کے بائیں کنارے پر پانی کے دباؤ اور رفتار میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وجہ سے بائیں کنارے پر حفاظتی بند کی تعمیر کی ضرورت ہے پیش نظر محکمہ انہار نے حفاظتی بند کی ماڈل سٹڈی مکمل کرتے ہوئے اس کا پی سی ون صوبائی حکومت کو بھجوا دیا ہے اور بہت جلد اس کی منظوری کے ساتھ ہی اس پر کام شروع کردیا جائے گا۔

ڈی سی نے ایکسئن کو ہدایت کی کہ ہر صورت میں حفاظتی بند پر کس قدر کام ضرور کر دیا جائے کہ سیلاب کی صورت میں ملحقہ آبادیاں محفوظ رہیں۔ ایکسئن قادرآباد نے یقین دہانی کرائی کے انشا ء اللہ سیلاب کے سیزن سے قبل حفاظتی بند پر کم و بیش 30فیصد تعمیراتی کام مکمل کیا جا چکا ہو گا جو سپر فلڈ کی صورت میں بھی ملحقہ آبادیوں کی حفاظت کرے گا۔ ڈی سی نے بھی اس سلسلہ میں محکمہ کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ تمام محکمے مشترکہ طور پر اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے کام کریں گی

متعلقہ عنوان :