تعطیل کے روز بھی بجلی کی غیر اعلانیہ لو ڈ شیڈنگ کا سلسلہ عروج پر رہا ،گیس کی قلت کے باعث بھی عوام کو شدید مشکلات کا سامنا

شہری علاقوں میں 3 سے 4، دیہی علاقوں میں 8سے 10گھنٹے لوڈ شیڈنگ ،لاہور کے مختلف علاقوں میں10گھنٹے کا شٹ ڈائو ن

اتوار 22 جنوری 2017 19:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2017ء) تعطیل کے روز بھی بجلی کی غیر اعلانیہ لو ڈ شیڈنگ کا سلسلہ عروج پر رہا ،مختلف علاقوں میں سوئی گیس کی قلت کے باعث بھی عوام کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ ذرائع کے مطابق بجلی کے پیداواری یونٹس سے مطلوبہ استعداد سے بھی کم پیدا وار کے باعث مختلف شہری علاقوں میں 3 سے 4 جبکہ دیہی علاقوں میں یہ دورانیہ 8سے 10گھنٹے ریکارڈ کیا گیا ۔

تعطیل کے روز مختلف ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی طرف سے مینٹی ننس اور ترسیلی لائنوں کی اپ گریڈیشن کے نام پر گھنٹوں شٹ ڈائون کیا گیا۔ گزشتہ روز لیسکو کی طرف سے 132KVبس بار کی اپ گریڈیشن کے سلسلے میں سنی ویو گرڈ کے فیڈرزجن میںجی او آر،ڈیوس روڈ،میکلوڈ روڈ،ایل ڈی اے،گورنر ہائوس،ایجرٹن روڈ،حبیب بنک،اے اے سنٹر ،حیات سنٹر،زمان پارک،محمد نگر،ایمپریس روڈ،شاہین کمپلیکس،دنیا ٹی وی،نیو سنی ویو،سی ایم سیکرٹریٹ،سر گنگا رام ہسپتال اور پی ڈبلیو آر گرڈ کے فیڈرز سے ظفر علی روڈ،درس روڈ،آرسی ایس،پی آرایچ نمبر1,2,3-رائل پام،ریلوے کالونی،اے آئی روڈ،زمان پارک،واپڈا ہائوس،گلستان کالونی،جی ٹی روڈ1-،مصطفی آباد،مدنی روڈ،نکلسن روڈ،میاں میر،میاں میر ہسپتال سے بجلی کی فراہمی صبح 8بجے سے شام6بجے تک معطل رہی ۔

(جاری ہے)

بجلی کی طویل بندش کے باعث ان علاقوں میں ٹیوب ویل بھی نہ چل سکے جس سے عوام موسم سرما میں پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ۔ علاوہ ازیں مختلف علاقوں میں گیس کا پریشر نہ ہونے اور مکمل گیس نہ آنے کی شکایات بھی بر قرار رہیں۔ محمد نگر ،وائرلیس کالونی، بیل احاطہ، گڑھی شاہو،شاد باغ، اچھرہ،گلبرگ کچی آباد ی سمیت کئی مقامات پر گیس کا پریشر نہ ہونے سے خواتین کو کچن کے امور نمٹانے میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

متعلقہ عنوان :