مواصلات کسی بھی علاقے کی تعمیر و ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے‘ محمود خان

اتوار 22 جنوری 2017 19:00

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2017ء)صوبائی وزیر محمود خان نے کہا ہے کہ حکومت نے صوبے میں دیگر شعبوں کی طرح سڑکوں اور شاہرائوں کی بہتری کے لئے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کیے ہیں کیونکہ مواصلات کسی بھی علاقے کی تعمیر و ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مٹہ سوات تا فاضل بانڈہ روڈ کے آخری پیکج پر تعمیراتی کام کے معائنے کے موقع پر موجود لوگوں سے بات چیت کے دوارن کیا ۔

اس موقع پر متعلقہ حکام نے صوبائی وزیر کو مذکورہ روڈ پر تعمیراتی کے بارے میں بتایا کہ روڈ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور کروڑوں روپے کا یہ منصوبہ تحصیل مٹہ کے عوام کا ایک دیرینہ اور حل طلب مسئلہ تھا ۔انہوں نے کہاکہ حلقہ پی کے 84مٹہ سوات میں تقریباً 13ارب روپے کی ترقیاتی کام مکمل کئے ہیںاور ان ترقیاتی کاموں میں 298دیہات کو بجلی کی فراہمی ، پینے کا صاف پانی ،گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کا قیام ، سپورٹ کمپلیکس، طبی اور تعلیمی اداروں کی بحالی ، سیلاب سے بچائو کے حفاظتی پشتے ، ایریگیشن چینل ، سڑکوں اور پلوں کی دوبارہ تعمیر و مرمت جیسے اہم منصوبے شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

انہو ںنے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی ثمرات عوام کو ملنا شروع ہو گئے ہیں ۔انہوں نے اس موقع پر حکام کو سختی سے تاکیدکی کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔