صوبائی وزیر حمیدہ وحیدالدین نے اتوار بازار ماڈل ٹاؤن لنک روڈ پر خواتین دوکانداروں کے سٹالز کا افتتاح کر دیا

اتوار 22 جنوری 2017 19:00

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2017ء)صوبائی وزیر برائے ترقی خواتین حمیدہ وحیدالدین نے کہاہے کہ صوبہ بھر کے اتوار بازاروں میں خواتین دوکانداروںکے لئے جگہ مخصوص کردی گئی ہے تاکہ وہ خود روزگار کما سکیں -وہ یہاں اتوار بازار ماڈل ٹاؤن لنک روڈ پر محکمہ ترقی خواتین پنجاب کے زیر اہتمام ، وویمن چیمبر آف کامرس اور سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے تعاون سے خواتین دوکانداروں کے سٹالز کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہی تھیں - اس موقع پر وویمن چیمبرز کی صدر شازیہ ، ڈاکٹر شہلہ جاوید اکرم ، ڈائریکٹر طاہر علی اور دیگر بھی موجود تھے - صوبائی وزیر نے کہاکہ وویمن پیکج کے تحت تمام اتوار ، سستے اور رمضان بازاروں میں خواتین دوکانداروں کے لئے سٹالز مختص کرنے کا مقصد خواتین کے لئے معاشی خوداختیاری کی حوصلہ افزائی کرنا ہے - انہوں نے کہاکہ حکومت کے وژن کے مطابق خواتین کی ترقی کے لئے متعدد عملی اقدامات کئے گئے ہیں - حکومت کی خود روزگار سکیم کے تحت خواتین کوبلا سود قرضوں کی فراہمی بھی جاری ہے جس کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہورہے ہیں - بعد ازاں صوبائی وزیر نے خواتین کے سٹالز کا دورہ کیا اور خواتین دوکانداروں سے سٹالز کے متعلق دریافت کیا - خواتین دوکانداروں نے معاشی ترقی کے لئے حکومت کے اس اقدام کو بے حد سراہا -