مخالفین دیوانوں کے خواب دیکھ کر ریت کے محل تعمیر کرنا چھوڑ دیں، افتخار علی مشوانی

اتوار 22 جنوری 2017 18:50

مردان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جنوری2017ء)چیئرمین ڈیڈک کمیٹی مردان و رکن صوبائی اسمبلی افتخار علی مشوانی نے کہا ہے کہ مخالفین دیوانوں کے خواب دیکھ کر ریت کے محل تعمیر کرنا چھوڑ دیں۔سابقہ ایم پی اے شیر افغان خان اور اے این پی والے اپنے جلسوں کے لیے کرائے پر لوگوں کو جمع کرتے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے جنونی کارکن ایک ایس ایم ایس پر جلسہ گاہ پہنچ جاتے ہیں۔

ہمارے ترقیاتی کاموں کی وجہ سے مخالفین کے پیٹوں میں مروڑ اٹھنے لگا ہے۔ہم مخالفین کی پروا کیے بغیر عوام کی خدمت کا مشن دن رات جاری رکھیں گے۔ تحریک انصاف عوام کی مقبول ترین جماعت ہے اور لوگ ہمارے ترقیاتی اقدامات دیکھ کر آئے روز جوق درجوق پارٹی میں شمولیت اختیار کر تے جا رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوٹ جھونگڑہ حجرہ سابقہ کونسلر حاجی امانت خان ٹھیکیدار میں ایک بڑے شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پریو سی کوٹ جھونگڑہ کے سابق کونسلر حاجی امانت خان ٹھیکیدار، ممبر ڈسٹرکٹ کونسل(مردان) خطیب الرحمان، تحصیل کونسلر اختر گل ، تحریک انصاف کے ضلعی رہنماء جلال خان خٹک ، اقبال خٹک اور پشتو زبان کے معروف شاعر سید قیوم نیک نام نے بھی خطاب کیاجبکہ اس موقع پر ناظم میاں نصراللہ،ضلعی رہنماء ڈاکٹر صاحبزادہ مہمند ، جنرل کونسلرز جہانگیر خان، حاجی محبت خان، عرفان خان ، حاجی گل محمد، محمد گل اور میاں فرمان اللہ وغیرہ بھی موجود تھے ۔

اس موقع پر یو سی کوٹ جھونگڑہ کے سابق کونسلر حاجی امانت خان ٹھیکیدار،درجہ چہارم ملازمین یونین ضلع مردان کے سابقہ صدر حاجی بابور خان، عبد اللہ خان، سعد اللہ خان، خالد خان ، علی بہادر ، حیدر خان، موسیٰ خان، ناموس خان، عارف خان، راج ولی ، دائود خان، لخکر خان، مسعود خان، غلام محمد اور یوسف علی وغیرہ نے خاندان اور ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں باضابطہ شمولیت کا اعلان کیا۔

ایم پی اے افتخار علی مشوانی نے کہا کہ آئے دن تحریک انصاف کے سیاسی گراف میں اضافہ ہو رہا ہے اور عوام سینکڑوں کی تعداد میں ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر تے جا رہے ہیں۔جو پی ٹی آئی کی مقبولیت کا زندہ مثال ہیں ۔ہم کسی اورکی لگی ہوئی تختیوں پر سیاست نہیں کرتے بلکہ اپنے منظور کردہ منصوبوں پر اپنی تختیاں لگا کر افتتاح کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے صوبے میں ایمرجنسی بنیادوں پر ترقیاتی کام کر کے خطے کو خوشحالی کی طرف گامزن کیا ہے جبکہ تحصیل تخت بھائی میں گرلز کیڈٹ اور کامرس کالج کی منظوری سے خطے میں تعلیمی انقلاب برپا ہوگا۔ بعد ازاں ایم پی اے افتخار علی مشوانی نے نئے شامل ہونے والوں کو پارٹی ٹوپیاں پہنا کر انہیں مبارکباد دی اور علاقے میں گرلز ہائی سکول کی ہائیر سیکنڈر ی سکول میں اپ گریڈیشن، 200kvبجلی کا ٹرانسفارمراورمقامی جناز گاہ کے لیے 20لاکھ روپے کی منظوری کا بھی اعلان کیا۔