وزیر خوراک کی موسمی پھلوں ،سبزیوں ،مچھلی او ر برائلر کی قیمتوں پر خصوصی نظر رکھنے کی ہدایت

ناپ تول میں کمی کرنے پر سٹالز مالکان کو گرفتار جبکہ خراب ٹماٹر کی ٖفروخت پر متعددسٹالز بند کر وا دئیے وزیر خوراک کے مختلف اتوار بازاروں کے اچانک دورے ، اشیاء کی قیمتیں، معیار اور دستیابی کا جائزہ

اتوار 22 جنوری 2017 18:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2017ء) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہاہے کہ آتوار بازاروں میں صفائی ،تازہ سبزیوں او رپھلوں کی فروخت ، معیار اور ناپ تول پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اتوار بازاروں میں مقررہ نرخوں پر معیاری اشیاء کی فروخت کو یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہی-انہوں نے شادمان،گلشن راوی اور وحدت کالونی کے آتواربازاروں میں اچانک دورہ کرتے ہوئے اشیاء کی قیمتوں اور معیار کا جائزہ لیا۔

انھوں نے گلشن راوی بازار میںناپ تول میں کمی کرنے پر سٹالز مالکان کو گرفتار جبکہ خراب ٹماٹر کی ٖفروخت پر متعددسٹالز بند کر وا دئیے۔ اس موقع پر خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا کہ ان بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی ارزاں نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنا ر ہے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کے وژن کے عین مطابق حکومت پنجاب نے عام آدمی کو معیاری اور کم نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے تمام اضلاع میں اتوار بازار قائم کر رکھے ہیں۔

وحدت کالونی آتوار بازار میں شہریوں کی شکایت پر ٹاون انتظامیہ کو سبزیوں کے سٹالز بڑھانے کی ہدایات جاری کیں۔انھوں نے شادمان بازار میں اشیاء پر درج کی گئی ایکسپائری ڈیٹس کا بھی معائنہ کیا۔بلال یاسین نے مچھلی کی قیمتوں اور معیار کا بھی جائزہ لیا اور موسمی پھلوں ،سبزیوں ،مچھلی او ر برائلر کی قیمتوں پر خصوصی نظر رکھنے کی ہدایت کی۔

انہوںنے فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں کو لاہور کے مختلف ٹائونز میں قائم اتوار بازاروں میں اشیاء کے معیاراو رناپ تول کا خصوصی جائزہ لینے کی ہدایت جاری کی۔وزیرخوراک نے لوگوں سے اشیاء کے معیار، قیمتوں، بازار میں فراہم کی گئی سہولتوں اور ٹائون انتظامیہ کے رویہ کے بارے میں گاہکوں اور عام شہریوں سے دریافت کیا-انہوںنے تمام اتوار بازاروں میں آٹے کے تھیلوں کے وزن اورنمی کی موجودگی کو جانچنے کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی -