پاکستان پیپلز پارٹی کراچی کے تحت اتوار کو ٹاور سے شاہین کمپلیکس تک پاکستان کھپے ریلی کا انعقاد کیا گیا

ریلی میںکارکنان کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ پیپلز پارٹی کے جیالے گدھا گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سوار تھے پیپلز پارٹی وفاق کی علامت ہے اور آج ملک بھر میں جمہوریت پیپلز پارٹی کی قربانیوں کا نتیجہ ہے، مقررین کا شرکاء سے خطاب وزیراعظم اور ان کا خاندان پانامہ لیکس اسکینڈل میں ملوث ہے۔ آج ہم پر کرپشن کا الزام لگانے والے خود عدالتوں کا سامنا کررہے ہیں

اتوار 22 جنوری 2017 18:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی کے تحت اتوار کو ٹاور سے شاہین کمپلیکس تک پاکستان کھپے ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے سیکریٹری جنرل وقار مہدی، فنانس سیکریٹری سینیٹر سلیم مانڈوی والا، راشد حسین ربانی، اعجاز درانی سمیت دیگر رہنمائوں نے کیا۔ ریلی میںکارکنان کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

پیپلز پارٹی کے جیالے گدھا گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سوار تھے۔ وہ مسلسل جئے بھٹو، جئے بینظیر بھٹو، جئے بلاول، جئے آصف علی زرداری سمیت نعرے اور پاکستان کھپے کے نعرے لگا رہے تھے۔ اس موقع پر جیالے ڈاکٹر عاصم کی رہائی کا مطالبہ بھی کررہے تھے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی وفاق کی علامت ہے اور آج ملک بھر میں جمہوریت پیپلز پارٹی کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو لوگ یہ نعرے لگاتے ہیں کہ پیپلز پارٹی ختم ہوگئی ہے۔ وہ آج پنجاب میں بلاول بھٹو زرداری کی کامیاب ریلی کے انعقاد سے پریشان ہیں، گھبراگئے ہیں۔ آج ہمارے مخالفین کو پتہ چلا گیا ہے کہ پنجاب سمیت ملک بھر میں آئندہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کامیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز کے رہنمائوں کو حکمران مسلم لیگ کی وفاقی حکومت انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنا رہی ہے اور پیپلز پارٹی کے رہنمائوں خصوصاً ڈاکٹر عاصم حسین پر جھوٹے مقدمات قائم کئے گئے ہیں۔

ان رہنمائوں نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر عاصم حسین کو رہا کیا جائے اور ان پر جھوٹے مقدمات ختم کئے جائیں۔ پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے کہا کہ وزیراعظم اور ان کا خاندان پانامہ لیکس اسکینڈل میں ملوث ہے۔ آج ہم پر کرپشن کا الزام لگانے والے خود عدالتوں کا سامنا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پانامہ لیکس اسکینڈل میں پھنس چکے ہیں۔ عوام کو توقع ہے کہ پانامہ لیکس میں ملوث عناصر کا سخت احتساب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کرپشن لیگ کو بھاگنے نہیں دیں گے اور پیپلز پارٹی اپنے چار مطالبات کی منظوری کے لئے اپنا احتجاج جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے پہلے بھی پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا اور آئندہ بھی اسی نعرے کے تحت ہم ملک اور عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔