مالی،باغیوں کے حملے میں حکومت نواز ملیشیاء کے 14جنگجوہلاک

اتوار 22 جنوری 2017 18:41

بماکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2017ء) افریقی ملک مالی میں ایک حکومت نواز ملیشیاء نے گزشتہ روز کہا ہے کہ ایک حملے میں اسکی14جنگجو ہلا ک ہوگئے ہیں جس کا الزام سابق باغیوں پر عائد کیا جاتا ہے،یہ واقعہ ایک خودکش بمبار کا70افراد کو ہلاک کرنے کے تین روز بعد پیش آیا ہے۔بدھ کو ہونے والے حملے میں77افراد ہلاک اور120زخمی ہوگئے تھے،اس حملے میں شمالی گاؤ میں واقع ایک کیمپ کو نشانہ بنایا گیا تھا جس میں 2015ء میں حکومت کے ساتھ امن معاہدے پر دستخط کرنے والے سابق باغی اور حکومت نواز ملیشیاء کے ارکان مقیم تھے۔

(جاری ہے)

صدر ابراہیم بوباکر کی جانب سے اعلان کردہ تین روزہ سوگ کے آخری دن دارالحکومت بماکو میں گزشتہ روز سینکڑوں افراد حملے میں ہلاک ہونے والوں کے احترام میں جمع ہوگئے تھے۔مالی میں ہونے والے کئی سالوں کے اس بدترین حملے کی ذمہ داری الجیریا کے جہادی گروپ مختار بالمختار نے قبول کی تھی جو کہ اسلامی مغرب میں القاعدہ(اے کیو آئی ایم) کے ساتھ وابستہ ہے۔یہ حملہ اس وقت ہوا تھا جب ٹواریگ کی سربراہی میں قائم سی ایم اے تحریک کے سابق باغی امن معاہدے کی شرائط کے تحت حکومت نواز ملیشیاء کے ارکان کے ساتھ مشترکہ گشت پر جانے کی تیاری کر رہے تھے۔