یوتھ فورم فار کشمیر کے زیر اہتمام 5فروری کویوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا

اتوار 22 جنوری 2017 18:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2017ء)یوتھ فورم فار کشمیر کا ایک اہم اجلاس زیر صدارت چیف آرگنائزر طارق احسان غوری ایوان کشمیر لاہور میں منعقد ہوا ،اجلاس میں 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر جوش و خروش سے منانے کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا ،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اپنے مظلوم اور محکوم کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے 5فروری کو لاہور سمیت پورے ملک میں تقریبات ،سیمینارز،ریلیاں اور کشمیر یکجہتی کانفرنس منعقد کی جائیں گی ،جن سے متعدد سیاسی ،سماجی جماعتوں کے رہنماء قائدین خطاب کرینگے،اس سلسلہ میں پنجاب اسمبلی مال روڈ سے لاہور پریس کلب تک کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی جائے گی جس کی قیادت سابق وزیر اعظم پاکستان /چیئرمین سینٹ محمد میاں سومرو کرینگے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد میں کشمیر یکجہتی سیمینار منعقد ہوگا جبکہ آزاد کشمیر میں کارواں کشمیر ریلی،کوئٹہ میں موٹر سائیکل کشمیر قافلہ ،پشاور کشمیر کنونشن اور کراچی میں کشمیر یکجہتی واک منعقد کی جائے گی۔طارق احسان غوری نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں نے وادی کشمیر میں ظلم و جبر کی انتہا کر دی ہے اور بدترین انسانی حقوق کی پامالی کی جاری ہے۔یوتھ فورم فار کشمیر نے 2017کو کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول کا سال قرار دیا ہے اور ہم انشاء اللہ دنیا بھر کے ایوانوں میں کشمیر کی آواز پنچائیں گے۔