پاکستان مذہبی صوبائی، لسانی یا کسی دیگر امتیاز کے بغیر ہم سب کا ہے ،جنرل قمر جاوید باجوہ

عوام کی مدد سے علاقہ میں استحکام حاصل کرلیا ، دہشتگرد اس کامیابی کو ڈی ریل نہیں کر سکتے ،دہشتگردی کے مقابلے کیلئے قبائلی بھائیوں کا تعاون اور قربانیاں قابل تحسین ہیں ، آرمی چیف کرم ایجنسی ہسپتال اور سی ایم اچ پشاور کا دورہ ،دھماکے کے زخمیوں کی خیریت دریافت کی عوام کے مطالبہ پر سربراہ پاک فوج کا پارا چنار میں معیاری تعلیم کیلئے آرمی پبلک سکول کے قیام کا اعلان قبائلی عمائدین کاپاک فوج کے سربراہ کا درد بٹانے اور آرمی پبلک سکول کے اعلان پر اظہار تشکر

اتوار 22 جنوری 2017 17:30

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2017ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان مذہبی صوبائی، لسانی یا کسی دیگر امتیاز کے بغیر ہم سب کا ہے ، عوام کی مدد سے علاقہ میں استحکام حاصل کرلیا ، دہشتگرد اس کامیابی کو ڈی ریل نہیں کر سکتے ،دہشتگردی کے مقابلے کیلئے قبائلی بھائیوں کا تعاون اور قربانیاں قابل تحسین ہیں ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اتوار کو پارا چنار کرم ایجنسی اور پشاور کا دورہ کیا ۔ آرمی چیف کو پارا چنار دھماکے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایجنسی ہسپتال کا دورہ کیا اور دھماکے کے زخمیوں کی خیریت دریافت کی ۔ آرمی چیف نے کرم ایجنسی کے قبائلی عمائدین سے بھی ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

جنرل قمر جاوید باجوہ نے سانحہ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کیلئے قبائلی بھائیوں کی حمایت کو سراہا اور امن کیلئے انکی قربانیوں کا اعتراف کیا۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی بھائیوں کی مدد سے آرمی ایف سی اور قانون نافذ کرنیوالے دیگر ادارے علاقہ میں استحکام حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں اور دہشتگرداس کامیابی کو ڈی ریل نہیں کر سکیں گے۔

آرمی چیف نے قبائلی اور فرقہ ورانہ ہم آہنگی کیلئے بھی انکی کوششوں کو سراہا جو قومی سالمیت کا ذریعہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مذہبی صوبائی قبائلی لسانی نسلی فرقہ ورانہ یا کسی دوسرے امتیاز کے بغیر ہم سب کا ہے ۔ عوام کے مطالبے پر آرمی چیف نے پارا چنار میں معیاری تعلیم کیلئے آرمی پبلک سکول کے قیام کا اعلان کیا ۔ قبائلی عمائدین نے پاک فوج کے سربراہ کا انکا درد بٹانے اور آرمی پبلک سکول کے اعلان پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے پائیدار امن اور استحکام کیلئے اپنا تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ بعد ازاں جنرل قمر جاوید باجوہ نے سی ایم ایچ پشاور کا بھی دورہ کیا اور پارا چنار دھماکے کے شدید زخمیوں کی خیریت دریافت کی جنہیں آرمی کے ہیلی کاپٹرز اور گاڑیوں کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا ۔ قبل ازیں پارا چنار آمد پر آرمی چیف کا استقبال کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ نے کیا ۔