صوبہ بھر میں لائبریریز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے لائبر یریزاتھارٹی کے قیام کیلئے ڈرافٹ تیار

نئی ہائوسنگ سکیموں کی منظوری میں لائبریری کے قیام کی شرط لازمی ہو گی‘ صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ و کمیو نٹی ڈویلپمنٹ

اتوار 22 جنوری 2017 16:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جنوری2017ء) صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ و کمیو نٹی ڈویلپمنٹ محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں بیمار اور بند لائبریریوں کو از سر نو زندگی دینے اور موجودہ لائبریریز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے صوبائی سطح پر لائبریری اتھارٹی کا قیام عمل میںلانے کے لئے ڈرافٹ تیار کر لیا گیاہے جسے منظوری کے لئے جلد وزیر اعلیٰ کو بھجوا دیا جائے گا،وقت حاضر کا تقاضا ہے کہ نئی نسل کو جدید اور سائنسی بنیادوں کے مطابق جدید علوم سے آشناس کرایا جا ئے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تمام نئی ہائوسنگ سکیموں کی منظوری کے لئے لائبریری کے قیام کی لازمی شرط رکھی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ لائبریری اتھارٹی کے قیام سے تمام لائبر یریوں کے معاملات اور دیگر امور میں بہتری آئے گی جبکہ بلدیاتی اداروں کے زیر انتظام لائبریریوں کی بھی چیک اینڈ بیلنس کو موثر بنانے کے لئے حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ا بتدائی سطح پر سب کمیٹیاں بھی تشکیل دی جائیں گی جوتمام موجودہ لائبریریوں بارے رپورٹ مرتب کریں گی جبکہ قائد اعظم لائبریری کو ڈائریکٹوریٹ کا درجہ بھی دیا جائے گا تاکہ تمام لائبریریوں کا نظم و نسق بہتر انداز میں ایک ہی جگہ سے ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ سائنس اور آرٹس مضامین پر مشتمل لائبریریوں میں دنیا بھر کی اپ ڈیٹ کتب کا ذخیرہ رکھا جائے گاتاکہ ہماری ہونہار نسل نئی اور جدید علوم سے بہرہ ور ہو اور استفادہ حاصل کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ جلد چھوٹے بچوں کو لائبریریوں میں کتب بینی کی ترغیب کے لئے سٹوری پراجیکٹ بھی شروع کیا جائے گا تاکہ بچوں کو ابتدائی سطح پر کتا بیں پڑھنے کا شوق پیدا ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ای لائبریریز میں کمپیو ٹرز اور وائی فائی سسٹم کی سہولیات بھی فراہم کی جائئیں گی تاکہ طلباء دور حاضر کے مطابق معلومات حاصل کر سکیں۔