ترکی کی پارہ چنار بم دھماکے کی شدید مذمت ، جانی نقصان پر افسوس کا اظہار ،متاثرہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت

پارہ چنار بم دھماکے کا سن کر بہت افسوس ہواجس میں بہت سے پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کی جانیں ضائع ہوئیں ،ہمیں پورا یقین ہے کہ دہشتگردی کے اس بزدالانہ حملے سے ملک کو مستحکم اور خوشحال بنانے کا پاکستان کا عزم متاثر نہیں ہوگا، ترکی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے ‘تر ک وزیراعظم بن علی یلدرم کا وزیراعظم نوازشریف کے نام تعزیتی پیغام

اتوار 22 جنوری 2017 16:00

انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جنوری2017ء) تر ک وزیراعظم بن علی یلدرم نے پارہ چنار میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت اور جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔اتوار کووزیراعظم نوازشریف کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں ترک وزیراعظم نے کہاکہ پارہ چنار بم دھماکے کا سن کر بہت افسوس ہواجس میں بہت سے پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کی جانیں ضائع ہوئیں اور بہت سے افراد دہشتگرد حملے میں زخمی ہوئے ۔

(جاری ہے)

ہمیں پورا یقین ہے کہ دہشتگردی کے اس بزدالانہ حملے سے ملک کو مستحکم اور خوشحال بنانے کا پاکستان کا عزم متاثر نہیں ہوگا۔بن علی یلدرم نے اس ایک بار پھر اعادہ کیا کہ ترکی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے ۔اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے ۔میں اپنی ، ترکی کے عوام اور حکومت کی جانب سے دہشتگرد حملے پر لواحقین اور حکومت پاکستان سے تعزیت کرتا ہوں ۔واضح رہے کہ پارہ چنار کی سبزی منڈی میں گزشتہ روز ہونے والے بم دھماکے میں 25افراد جاں بحق اور متعدد ہوگئے تھے۔