بھارت جموں وکشمیر میںآبادی کا تناسب تبدیل کرنے سے باز رہے، فاروق رحمانی، مجاہد کمانڈر یوسف چوہان کو 17ویں یوم شہادت پرشاندار خراج عقیدت

اتوار 22 جنوری 2017 15:50

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2017ء) جموں وکشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے بھارت پر زوردیا ہے کہ وہ جموں وکشمیر میںآبادی کا تناسب تبدیل کرنے اور ریاستی دہشت گردی کو دوام بخشنے سے باز رہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق رائے شماری کے ذریعے ریاستی عوام کاحق خودارادیت واگزار کرے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد فاروق رحمانی نے معروف مجاہد کمانڈرمحمد یوسف چوپان المعروف زنگی کے 17ویں یوم شہادت کے موقع پر بانڈی پورہ میںایک تقریب سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے اپیل کی کہ وہ ریاست جموں وکشمیر میں سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق رائے شماری کرائے۔

سینئر حریت رہنما نے محمدیوسف زنگی اور جموں وکشمیر کوبھارتی قبضے سے چھڑانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کشمیرکو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بشیر احمد شیخ المعروف غازی کی شہادت کے بعد محمد یوسف چوپان نی1990ء میںاہم کردار ادا کیااور انہیں بھارتی فورسز نے 23جنوری 2000ء کوبانڈی پورہ قصبے میں شہید کیا۔

شہیدمحمد یوسف نے اپنے اعلیٰ کردار کی وجہ سے علاقے میں مقبولیت حاصل کی اور شمع آزادی کو انتہائی نازک دور میں بھی روشن رکھا جب بھارتی فورسز نے اپنی مسلح ملیشیا کے ذریعے ریاست میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا کررکھاتھا۔محمد فاروق رحمانی نی1990 اور2000ء کی دہائی میں شہید ہونے والے مجاہدین آزادی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید برہان وانی کی شہادت کے بعد عوامی انتفادہ گزشتہ دہائیوں کا تسلسل ہے اور جدوجہد آزادی کی مشعل اس کے منطقی انجام تک اسی طرح روشن رہے گی ۔

انہوں نے کشمیر میں گزشتہ چھ ماہ کے دوران شہید ہونے والے نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کشمیری عوام کے اعلیٰ کرداراور ثابت قدمی کی تعریف کی جنہوں نے حالیہ انتفادہ کے دوران شدیدمالی نقصانات کے باوجود حق خود ارادیت کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھی۔تقریب سے جموں وکشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے رہنمائوں محمد رمضان خان، مصعب احمد گنائی، محمد یوسف ڈار اورجموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنما نثار احمد گیلانی نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :