امریکہ سے قربت پاکستان کو مہنگی پڑتی ہے ،تعلقات اسی سطح پر قائم رہیں تو بہت بہتر ہے‘ عابدہ حسین

وزیر امور خارجہ کے تقرر میں تاخیر پاکستان کے مفاد میں نہیں، احسن اقبال یا تہمینہ جنجوعہ اس عہدے کیلئے بہت معقول شخصیات ہیں روس کی طرف سے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ میں شرکت کیلئے دلچسپی کے اظہار کا مثبت جواب دینا چاہیے‘ سابق وفاقی وزیر کی گفتگو

اتوار 22 جنوری 2017 15:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2017ء) سابق وفاقی وزیر سیدہ عابدہ حسین نے کہا ہے کہ ہمیں نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے زیا دہ توقعات وابستہ نہیںکرنی چاہئیں ، امریکہ سے قربت پاکستان کو مہنگی پڑتی ہے اس لیے تعلقات اسی سطح پر قائم رہیں تو بہت بہتر ہے ، اسلامی ممالک کی افواج کے اتحاد کا بننا مسائل کو الجھانے والی بات ہے ، امید ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف اس کی سربراہی کو قبول نہیں کریں گے ، وزیر امور خارجہ کے تقرر میں تاخیر پاکستان کے مفاد میں نہیں، احسن اقبال یا تہمینہ جنجوعہ اس عہدے کے لئے بہت معقول شخصیات ہیں ، روس کی طرف سے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ میں شرکت کیلئے دلچسپی کے اظہار کا مثبت جواب دینا چاہیے۔

ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے عابدہ حسین نے کہا کہ ڈونلڈٹرمپ کیلئے صدارت کرنا آسان نہیںہوگا ، ٹرمپ پرامریکہ کے 8ملین مسلمانوں کے تحفظات ہیں ، امریکی عوام کو راضی رکھنا اور متنازعہ ہو نے سے بچانا ڈونلڈ ٹرمپ کیلئے سب سے بڑا چیلنج ہے ، جیسا کہ ان کی حلف برداری کے موقع پر بھی امریکہ میں احتجاج ہوئے ہیں ،ہمیں ٹرمپ سے زیا دہ توقعات وابستہ نہیںکرنی چاہئیں ۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ اگر پاکستان دونلڈ ٹرمپ کو مضبوط لابنگ کر کے مسئلہ کشمیر میں کردار ادا کرنے پر قائل کر لے تو ڈونلڈ ٹرمپ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مضبوط ثالث کا کردا رادا کر سکتا ہے اور ہمیں اس حوالے سے ضرور کوشش کر نی چاہیے ، اس وقت پاک امریکہ تعلقات میں نہ زیا دہ قربت ہے اور نہ زیادہ فاصلہ ہے ، امریکہ سے قربت پاکستان کو مہنگی پڑتی ہے اس لیے تعلقات اسی سطح پر قائم رہیں تو بہت بہتر ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پا کستان میں دہشتگردی بہت کم ہو چکی ہے اس لیے امریکہ کو پاکستان کو قرض دینے کی بجائے یہاں براہ راست سرمایہ کاری کرنی چاہیے ۔انہو ں نے کہا کہ وزیر امور خارجہ کے تقرر میں تاخیر پاکستان کے مفاد میں نہیں، سرتاج عزیز کی امور خارجہ میں کوئی مہارت نہیں اور ان کی طارق فاطمی کے ساتھ بھی نہیں بنتی لیکن احسن اقبال وزیراعظم کے بہت بااعتماداور آزمائے ہوئے ہیں ان کو امور خارجہ کا وزیر مقررکیا جانا چاہیے تھا ، اگر وہ بھی نہیں تو تہمینہ جنجوعہ کو مقررکر دیتے۔ انہوں نے کہا کہ روس نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ میں شرکت کیلئے دلچسپی ظاہر کی ہے پاکستان کو اس پر مثبت جواب دینا چاہیے۔