اپنے معاشرے کے سلگتے مسائل کو لے کر بھی اچھے اسکرپٹ قلمبند کئے جاسکتے ہیں‘ سنگیتا

فلم، ٹی وی اور اسٹیج ایسے پلیٹ فارم ہیں جہاں سے شعور اور آگاہی کا فریضہ سر انجام دیا جاتا ہے ‘ سینئر ہدایتکار

اتوار 22 جنوری 2017 15:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2017ء) سینئر ہدایتکارہ سنگیتا نے کہا ہے کہ فلم، ٹی وی اور اسٹیج ایسے پلیٹ فارم ہیں جہاں سے شعور اور آگاہی کا فریضہ سر انجام دیا جاتا ہے ،ہمیںاپنے معاشرے کے سلگتے مسائل کو قلمبند کرکے اسے کرداروں کے ذریعے حقیقت کا رنگ دے کر اصلاح کا کام کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

ایک انٹر ویو میں انہوںنے کہا کہ آج کی نوجوان نسل ملک کا مستقبل ہے لیکن اگر میں حقیقت بیان کروں تو یہ کہنا غلط نہ ہو گا کہ ہماری نوجوان نسل میں کچھ حصہ مستقبل کے حوالے سے سنجیدہ دکھائی نہیں دیتا ، ہمیں انہیں اپنی تہذیب اور ثقافت سے آشنا کرنا ہوگا اور اگر وقت ہاتھ سے نکل گیا تو اس کے انتہائی منفی نتائج سامنے آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی سے ہم نے بہت کچھ سیکھا ہے اور اب فلم بنانے کے لیے بہت سوچ بچار سے کام لینا پڑے گا ۔ اب ایک اچھی فلم بنانے کے لیے اچھے موضوع کا بہترین انتخاب سب سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے ۔ہمیں اردگرد پھیلے پہار جیسے مسائل کا چنائو کر کے انہیں قلم کے ذریعے معاشرے میں پیش کر کے اصلاح کا پہلو تلاش کرنا چاہیے۔