اسٹیج کی بہتری کے لئے اتحاد کی ضرورت ہے جو موجودہ دور میںنا پید نظر آتا ہے ‘ امان اللہ

شوبز میں حسد جیسی وباء عام ہے ،خدا کا شکر ہے کہ میں کبھی اس کا شکار نہیں ہوا ‘ کامیڈین اداکار

اتوار 22 جنوری 2017 15:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2017ء)نامور کامیڈین امان اللہ نے کہا ہے کہ شوبز میں حسد جیسی وباء عام ہے لیکن خدا کا شکر ہے کہ میں کبھی اس کا شکار نہیں ہوا ،گھٹن زدہ ماحول میں رہنے والے عوام کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے سے ملنے والی دعائیں ہی میرا کل اثاثہ ہیں ۔خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج بھی اسٹیج کی بہتری کے لئے کام کیا جا سکتا ہے لیکن اس کے لئے اتحاد کی ضرورت ہے جو موجودہ دور میں ناپید نظر آتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے مزید کہا کہ میں اپنے سینئرز اور جونیئرز سب کا احترام کرتا ہوں اور یہی وجہ ہے کہ مجھے بھی اس کے بدلے میں عزت ،احترام اور محبت ملتی ہے ۔ میں نے کبھی کسی سے حسد نہیں کی بلکہ ہمیشہ سیکھنے کی جستجو میں لگا رہا ہوں۔انہوںنے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آج ہر طرف افرا تفری کا عالم ہے ۔ ایک طبقہ ہے جسے کوئی فکر نہیں اور اسے زندگی کی تمام آسائشیں حاصل ہیں جبکہ اکثریت ایسے لوگوں کی ہے جو اپنے مالی معاملات اور دیگر پریشانیوں کی وجہ سے گھٹن زدہ ماحول میں رہنے پر مجبور ہیں ۔ ایسے لوگوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے سے ملنے والی دعائیں ہی میرا کل اثاثہ ہیں اور جب تک میرے اندر ہمت ہے میں یہ کام جاری رکھوں گا۔