سی پیک منصوبوں کیلئے چین کے اپنی افرادی قوت لانے کی باتوں میں قطعاًکوئی حقیقت نہیں ‘ احسن اقبال

منصوبوں کیلئے افرادی قوت تیار کرنے کی غرض سے 38مخصوص شعبوں کیلئے تربیت فراہم کی جارہی ہے ‘ وفاقی وزیر

اتوار 22 جنوری 2017 15:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2017ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبوں کیلئے چین کے اپنی افرادی قوت لانے کی باتوں میں قطعاًکوئی حقیقت نہیں ،حکومت نے سی پیک کے تحت شروع کئے گئے منصوبوں کیلئے افرادی قوت تیار کرنے کی غرض سے متعدد اقدامات کئے ہیں اور38مخصوص شعبوں کیلئے تربیت فراہم کی جارہی ہے ۔

ایک انٹر ویو میں احسن اقبال نے کہا کہ چین نے مسلم لیگ (ن) کی حکومتوں کا ٹریک ریکارڈدیکھتے ہوئے سی پیک کے تحت منصوبوں پر اربو ں ڈالر کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ۔ حکومت تمام منصوبوں میں زیادہ سے زیادہ شفافیت کو یقینی بنارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بعض عناصر ان منصوبوں کے بارے میں ابہام پیدا کر کے پاکستان کی ترقی کے عمل کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیںتاہم وزیر اعظم نواز شریف نے آزادکشمیر ، گلگت بلتستان سمیت تمام صوبوں کو اعتماد میں لیتے ہوئے ان سازشوں کو ناکام بنا دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ یہ کسی جماعت کا منصوبہ نہیں بلکہ پاکستان کا منصوبہ ہے جس سے ملک کی تقدیر بدل جائے گی ، اس منصوبے سے پاکستان میں صنعتوں اور کاروبار کو فروغ دینے میں مدد ملے گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔احسن اقبال نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات کارکردگی کی بنیاد پر لڑے جائیں گے ۔ آئندہ عام انتخابات میں ملک و قوم کی ترقی کیلئے دن رات ایک کرنے والی جماعت کا ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے اور سڑکوں پر بے بنیاد الزامات کی دھول اڑانے والوں سے مقابلہ ہوگا اور ہمارے نزدیک عوام بہترین جج ہیں۔

متعلقہ عنوان :