پنجاب کے سابق چیف سیکرٹری جاوید محمود نے ’’روشن پاکستان لیگ ‘‘کے پلیٹ فارم سے سیاست کا باضابطہ آغاز کر دیا

2018ء کے عام انتخابات میں حصہ لینے کا عندیہ ،محروم طبقات کو ایک جگہ اکٹھا کروںگا ، پاکستان کے فیصلے عوام کو کرنے چاہئیں

اتوار 22 جنوری 2017 15:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2017ء) سابق چیف سیکرٹری پنجاب جاوید محمود خان نے سیاسی جماعت ’’روشن پاکستان لیگ ‘‘ کے پلیٹ فارم سے باضابطہ سیاست کا آغاز کرکے 2018کے عام انتخابات میں حصہ لینے کا عندیہ دیتے ہوئے کہاہے کہ تمام محروم طبقات کو اکٹھا کروں گا ، ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے کہ سیاست کو صاف اور پاکستان کو پاک کرے ۔

اپنے ویڈیو پیغام اور مختلف مقامات پر عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے جاوید محمو د خان نے کہاکہ میں نے بطور چیف سیکرٹری سب کچھ دیکھا ہے اس دوران عوام کے کیلئے کچھ کیا لیکن بہت کچھ نہ ہوسکا انہی وجوہات کو دور کرنے کیلئے فیصلہ کیا ہے کہ مجھے سیاست میں قدم رکھنا چاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ یہ ملک حکمرانوں کا نہیں بلکہ عوام کا ہے ان کے بغیر کوئی بھی تحریک یا فیصلہ ممکن نہیں ہونا چاہیے لیکن عوام کو تمام فیصلوں سے باہر رکھا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پارلیمنٹ میں مزدور کی نمائندگی کسی صنعتکار کی بجائے مزدور کو ہی کرنی چاہیے ۔ اسی طرح کسان کا نمائندہ جاگیر دار نہیں کسان ہی ہوناچاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ بد قسمتی سے عوام جنہیں فیصلے کرنے چاہئیںانہیں پاکستان کے فیصلوں سے باہر رکھاگیا ۔ انہوںنے کہاکہ روشن پاکستان لیگ کے بہت سے اضلاع میں دفاتر قائم ہوچکے ہیں اور باقی اضلاع میں یہ سلسلہ جاری ہے میں تمام محروم طبقات کو اکٹھا کرناچاہتا ہوں ،عوام کو ہی اپنی طاقت کو پہچاننا ہوگا ۔

انہوںنے کہاکہ مجھے قوی یقین ہے کہ روشن پاکستان لیگ ایک دن عوام کی امیر ترین جماعت بنے گی ۔ 2018میں عوام الناس اپنی طاقت سے عوامی روشن حکومت بنائیںگے ۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سابق چیف سیکرٹری جاوید محمود تانگے پر بیٹھ ایک لائوڈسپیکر اور مائیک پکڑے مختلف مقامات پر عوام کو اپنی جماعت ’’ روشن پاکستان لیگ ‘‘ کے قیام کے مقاصد اور عوام کو شمولیت کی دعوت دے رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :