کاشتکار ترشاوہ باغات میں پھل کی برداشت کے بعد شاخ تراشی کا عمل شروع کریں، محکمہ زراعت

مقامی ماہرین کے مشورہ سے سفارش کردہ پھپھوندی کش زہر کا سپرے کریں ،ْترجمان

اتوار 22 جنوری 2017 14:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2017ء)محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ باغبان سٹرس لیف مائنر کا تدارک محکمہ زراعت کی سفارشات کے مطابق کریں تاکہ ترشاوہ پھلوں کے کوڑھ یعنی کینکر کا پھیلائو نہ ہو سکے۔ کاشتکار ترشاوہ باغات میں سٹرس کینکر و سکیب کے تدارک کے لیے پھل کی برداشت کے بعد شاخ تراشی کا عمل شروع کریں۔

تمام سوکھی، بیمار ٹہنیاں کاٹ دیں اور محکمہ زراعت کے مقامی ماہرین کے مشورہ سے سفارش کردہ پھپھوندی کش زہر کا سپرے کریں۔

(جاری ہے)

ماہرین کے مطابق تمام گرے ہوئے متاثرہ پھل کو باغبان حضرات زمین میں دبا دیں اور گرتے ہوئے پتوں اور ٹہنیوں کو اکٹھا کر کے جلا دیں۔نئے باغات لگانے کے لیے بیماری سے پاک پودے حاصل کریں۔ پودوں پر کوئی داغ دھبے نظر نہ آئیں،ماہرین نے کہا ہے کہ ماہ فروری میں پودوں کے تنوں پر بورڈو پیسٹ ضرور لگائیں اور سطح زمین سے ڈیڑھ تا دو فٹ پودوں پر کوئی ٹہنی نہ ہو تاکہ کوئی ٹہنی زمین کو چھو نہ سکے۔باغبان حضرات پودوں کو صحت مند و تندرست رکھنے کے لیے متوازن کھادیں بشمول عناصر کبیرہ و صغیرہ محکمانہ سفارشات کے مطابق کریں۔