چین پاکستان اقتصادی راہداری کا پہلا فیز 2018ء تک مکمل ہو جائے گا ،ْوزارت منصوبہ بندی وترقیاتی

مرحلے کی تکمیل سے انرجی کے شعبے میں 10ہزار میگاواٹ بجلی کی پیداوار سے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی ،ْ حکام

اتوار 22 جنوری 2017 14:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2017ء) وزارت منصوبہ بندی وترقیاتی کے حکام نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا پہلا فیز 2018ء تک مکمل ہو جائے گا۔ اس مرحلے کی تکمیل سے انرجی کے شعبے میں 10ہزار میگاواٹ بجلی کی پیداوار سے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی‘ پاکستان کے موجودہ روڈ نیٹ ورک کو اپ گریڈ کرنے سے خاص کر مغربی روٹ پر مسنگ لنکس کی تعمیر سے گوادر سے پاکستان کے شمالی علاقوں کے ذریعے چین کے مغربی حصے تک تجارتی سامان کی نقل و حمل کے لئے مختصر اور محفوظ راستہ بھی میسر ہو گا۔

(جاری ہے)

وزارت منصوبہ بندی و ترقیات کے حکام کے مطابق پاکستان اور چین اس منصوبے پر تیزی سے کام کر رہے ہیں اور دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں‘ چین پاکستان اس منصوبے کی دونوں ممالک کے لئے افادیت کے ساتھ خطے کے تین ارب افراد کی تقدیر بدلنے کی اہمیت سے آگا ہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی قوم اس منصوبے کی تکمیل کے لئے متحد ہے اور اس حقیقت سے آگاہ ہے کہ اس تاریخی منصوبے کے ذریعے ملک کی اقتصادی ترقی اور عوام کی خوشحالی کو ممکن بنایاجا سکتا ہے۔ پاکستان کی سیاسی قیادت، سویلین حکومت اور عسکری ہائی کمان اس منصوبے کی تکمیل کے لئے پر عزم ہیں ۔

متعلقہ عنوان :