بھارت: ٹرین حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 27 ہوگئی

بہت سے افراد تاحال ملبے تلے دبے ہیں ، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، جے پی مشرا

اتوار 22 جنوری 2017 12:40

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2017ء)انڈیا کی ریاست آندھرا پردیش میں ایک ٹرین کو حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 27 ہو گئی ہے جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوگئے ہیں۔ایسٹ کوسٹ ریلوے کے سربراہ جے پی مشرا کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ وجے نگرم ضلعے میں کونیری سٹیشن کے قریب اس وقت پیش آیا جب انجن اور سات بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔

بہت سے افراد تاحال ملبے تلے پھنسے ہوئے ہیں جبکہ امدادی کارکنوں نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ٹرین کے پٹری سے اترنے کی وجہ تا حال واضح نہیں ہو سکی ہے۔خیال رہے کہ یہ حادثہ سنیچر کو رات گئے پیش آیا جب ہیرا کھنڈ ایکسپریس ٹرین جگدلپور سے پھونیشور کی جانب جا رہی تھی۔حادثے کی معلومات پر آندھرا پردیش کے وزیر اعلی چندر بابو نائیڈو نے ٹویٹ کیا: 'وجے نگرم کے پاس ریل حادثے پر غمزدہ ہوں۔

(جاری ہے)

ہم صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور ہر ممکن امداد بہم پہنچا رہے ہیں۔ حادثے میں مارے جانے والے افراد کے اہل خانہ کے غم میں ہم شریک ہیں۔ ہم حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔انڈیا میں ریلوے کا نظام پرانا ہونے کے سبب ٹرین کے حادثے معمول کی بات ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق انڈیا میں ایک دن میں دو کروڑ 30 لاکھ افراد ٹرین کے ذریعے سفر کرتے ہیں۔گذشتہ سال نومبر میں ریاست اتر پردیش میں ٹرین پٹری سے اتر گئی تھی جس کے نتیجے میں 140 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔جبکہ مارچ 2015 میں بھی اتر پردیش میں ہی پیش آنے والے ایک حادثے میں 39 افراد ہلاک اور 150 زخمی ہوگئے تھے۔