پارلیمنٹ میں دستوری قرارداد کی منظوری ، ترک صدر کا خیر مقدم

بِل کے تحت تشکیل پانے والے نظام سے ملک میں آمریت کی راہ ہموار ہو جائے گی،اپوزیشن

اتوار 22 جنوری 2017 12:40

انقرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2017ء) ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے پارلیمان کی طرف سے اٴْس دستوری قرارداد کی منظوری کا خیر مقدم کیا ہے، جس کے تحت ملک میں صدارتی نظام رائج کرنے کے حوالے سے راہ ہموار ہو گئی ہے۔ اب اِس پارلیمانی بل کی توثیق ایک عوامی ریفرنڈم کے ذریعے کروائی جائے گی۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایردوآن نے اس یقین کا اظہار کیا کہ عوام اس ریفرنڈم کو منظور کرتے ہوئے ملک کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

صدارتی نظام رائج ہونے سے ایردوآن کو حکومت چلانے کے لیے ایگزیکٹو اختیارات حاصل ہو جائیں گے اور وہ سن 2029 تک منصبِ صدارت پر براجمان رہ سکیں گے۔ دوسری جانب اپوزیشن کا کہنا تھا کہ اِس بِل کے تحت تشکیل پانے والے نظام میں تمام تر حکومتی اختیارات صدر کو منتقل ہو جائیں گے اور یوں ملک میں آمریت کی راہ ہموار ہو جائے گی۔