مشترک مزاحتمی قیادت کی کال پرشہداء گائو کدل کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے سرینگر میں پروقار تقریب کاانعقاد

اتوار 22 جنوری 2017 12:10

سرینگر۔ 22 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2017ء) مقبوضہ کشمیر میں مشترکہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے دیے گئے پروگرام کے مطابق شہداء گائو کدل کی یاد میں سرینگر کے علاقے بسنت باغ میں شہداء کی یادگار پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق تقریب میں تما م حریت پسند تنظیموں کے رہنمائوں اور کاکنوں نے شرکت کی ۔

تقریب سے راجہ معراج الدین کلوال ، غلام نبی ذکی، نور محمدکلوال اور دیگر آزادی پسند رہنمائوںنے خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی تحریک آزادی کے دوران جلیانوالہ باغ قتل عام کا صرف ایک واقعہ پیش آیا تھا جبکہ بھارت نے گزشتہ سات دہائیوں کے دوران جموں و کشمیر میں جلیانوالہ باغ جیسے بیسیوں المناک سانحات انجام دیے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 21جنوری 1990ء کا دن جموںو کشمیر کی تاریخ کا اہم ترین دن ہے جب کشمیریوں نے اپنی آزادی اور حق خودارادیت کیلئے ایک عظیم عوامی انقلاب کی شروعات کی اور سینہ سپر ہوکر بھارت کے ظلم و جبر کا سامنا کیا۔

مزاحتمی رہنمائوںنے کہا کہ جو قوم اپنی آزادی کیلئے عزم صمیم کے ساتھ کمر بستہ ہوجائے اُسے دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اُن بے مثال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو اس قوم نے اپنی آزادی کیلئے پیش کی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں نے اپنے سینوں پر گولیاں کھاکر بھارت کے جابرانہ قبضے کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے آزادی کی شمع کو روشن کی ہے اور قربانیوں کی لازوال داستانیں رقم کی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج نے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے کے لیے ہندوارہ،سوپور ،بجبہاڑہ ، سیلان پونچھ ،،خانیار ،گوجوارہ اور دیگر مقامات پرقتل عام کے المناک واقعات انجام دیے ہیںلیکن ظلم و اِستبداد کے یہ تمام حربے ناکام ہو چکے ہیں اور جموں وکشمیر کے غیور عوام نے بے پناہ مظالم کے باوجود اپنی تحریک آزادی کو پوری قوت کے ساتھ جاری رکھاہے ۔

مقررین نے کہا کہ ہمارے شہداء کی قربانیاں ہمارا اًثاثہ ہیں اور کشمیری شہداء کے مقدس لہو کے امین ہونے کی حیثیت سے اُن کے مشن کو جاری رکھنے اور اس کو اپنے منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم پر قائم ہیں۔ قابض انتظامیہ کی طرف سے پابندیوں اور رکاوٹوں کے باوجود آزادی پسند رہنمائوں اورکارکنوں سمیت بڑی تعداد میں لوگ شہداء کی یادگار پر جمع ہو ئے اور ان کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :