رانا علی عباس خاں اور میاں مہران طاہر ڈسٹرکٹ بار فیصل آباد کے صدر اور جنرل سیکرٹری منتخب

اتوار 22 جنوری 2017 00:30

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2017ء)ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن فیصل آباد کے سالانہ انتخابات 2017میں رانا علی عباس خاں ایڈووکیٹ صدر جبکہ میاں مہران طاہر ایڈووکیٹ جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے۔ ڈسٹرکٹ بار کے سالانہ انتخابات ہفتہ 21جنوری 2017کو منعقد ہوئے جس کیلئے محکمہ پولیس نے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کررکھے تھے۔ انتخابات کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق، رانا علی عباس خاں ایڈووکیٹ 1286ووٹ لے کر بار کے صدر منتخب ہو گئے جبکہ ان کے مد مقابل امیدوار چوہدری نوید مختار گھمن کو 1055ووٹ ملے۔

نائب صدر کی نشست کیلئے پانچ امیدواروں کے درمیان مقابلہ تھا جن میں سے رانا محمد ذوالفقار ایڈووکیٹ 952ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ ان کے مدمقابل امیدواروں حاجی محمود اختر شیخ، ملک محمد صدیق، محمد اسلم ڈوگر اور طاہر سعید نے بالترتیب 530، 463، 294 اور 65ووٹ حاصل کیے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء میاں مہران طاہر ایڈووکیٹ 923ووٹ لے کر ڈسٹرکٹ بار کے جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے جبکہ ان کے مد مقابل دو امیدواروں ملک محمود حسین اعوان اور میاں محمد شفیق احمد نے بالترتیب 772اور660ووٹ حاصل کیے۔

بار کی جوائنٹ سیکرٹری سیٹ پر دو امیدواروں کے درمیان مقابلہ تھا جن میں سے چوہدری ابو بکر عبداللہ گجرایڈووکیٹ 1263ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ ان کے مد مقابل امیدوار چوہدری کلیم اللہ گل کو 1043ووٹ ملے۔ اسی طرح رخسانہ انصاری ایڈووکیٹ 1231ووٹ لے کر بار کی فنانس سیکرٹری منتخب ہوئیں جبکہ ان کی مدمقابل فوزیہ جبیں گوندل کو 1071ووٹ ملے ،بار کی دس رکنی انتظامیہ کمیٹی اور لائبریری سیکرٹری سہیل کاشف پہلے ہی بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔ بلامقابلہ منتخب ہونیوالی کمیٹی کے ارکان میں بشیر احمد سندھو، سیدثقلین عابد، میاں عبدالباسط، عثمان احمد شفیق، عمران حیات چیمہ، محمد اشتیاق، چوہدری محمد اکرم گجر، محمد زیبر منیر، محمد شہریار لاثانی اور حسن نعیم اختر شامل ہیں۔