فیصد آئی ڈی پیز اپنے گھروں کو واپس جاچکے ہیں،گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا

اتوار 22 جنوری 2017 00:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2017ء) گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ 90 فیصد آئی ڈی پیز اپنے گھروں کو واپس جاچکے ہیں، یہ ایک بہت بڑا چیلنج تھا۔ ہفتہ کو پی ٹی وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب میں نے بطور گورنر عہدہ سنبھالا تو وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کے باعث عارضی طور پر بے گھر ہونے والے خاندانوں کی بحالی میرے لئے بہت بڑا چیلنج تھی، آپریشن ضرب عضب تقریباً مکمل ہوچکا ہے اور وہاں سے داخلی طور پر بے گھر ہونے والے لوگوں کی دوبارہ بحالی کا کام جاری ہے۔

اب تک 90 فیصد لوگ اپنے اپنے گھروں کو واپس جاچکے ہیں۔ گورنر نے کہا کہ موسم کی خرابی سمیت آئی ڈی پیز کی بحالی میں کئی مسائل درپیش ہیں جس کی وجہ سے بحالی میں تاخیر ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آرمڈ فورسز نے شمالی علاقہ جاتا سے دہشتگردوں کے ٹھکانوں اور نرسریز کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کیلئے جامع اصلاحات کا پیکج منظوری کیلئے پارلیمنٹ میں زیر بحث ہے۔

انہوں نے کہا کہ فاٹا کے لوگوں کی اکثریت فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کے حامی ہیں۔ فاٹا اصلاحات نافذ ہونے کے بعد اس علاقے میں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ سی پیک منصوبہ تمام سیاسی پارٹیوں اور صوبوں کی مشاورت سے شروع کیا گیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی یہ پالیسی ہے کہ تمام سٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان اچھے تعلقات دہشتگردی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :