اسلام آباد، چار افراد نے بدلے لینے کیلئے وفاقی سرکاری کالج کے ملازم کو موت کے گھاٹ اتار دیا

ہفتہ 21 جنوری 2017 23:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جنوری2017ء) تھانہ کھنہ کے علاقے کھنہ ڈاک میں چار افراد نے بدلے کی آگ کو ٹھنڈا کرنے کے لئے وفاقی سرکاری کالج کے ملازم کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ مقتول کو شدید زخمی حالت میں پمز ہسپتال لیا گیا جہاں وہ زخمیوں کو تاب نہ لاسکا اور جاں بحق ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تھانہ کھنہ کے علاقے کھنہ ڈاک میں 4 افراد نے سرکاری کالج کے نائب قاصد محمد حیات کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

مقتول او پی ایف کالج ایف ایٹ میں نائب قاصد تھا۔ کچھ عرصہ قبل مقتول پر ایک قتل کی ایف آئی آر درج تھی جس میں وہ ضمانت پر رہا ہوگیا ۔ ملزمان نے بدلے کی آگ کو ٹھنڈا کرنے کیلئے قتل کردیا۔ مقتول کے بھائی نے بتایا ہے کہ وہ ڈیرے پر بیٹھے تھے کہ چار افراد جن میںآصف‘ مہتاب‘ عامر اور کاکا شامل ہیں آئے اور گالیاں دینے لگ گئے انہوں نے مقتول بھائی محمد حیات کو لاتیں ماریں اور گھسیٹنا شروع کردیا۔

(جاری ہے)

شور شرابے کے بعد لوگ اکٹھے ہوگئے تو ملزمان وہاں سے چلے گئے۔ بعد ازاں ہم گھر کو روانہ ہوئے تو راستے میں آصف ‘ مہتاب ‘ عامر اور کاکا نے راستہ روک لیا اور پھر گالیاں دینا شروع کردیں۔ چاروں ملزمان نے میرے بھائی کو پکڑ لیا اور کہا کہ آج تم زندہ نہیں بچو گے’ مہتاب اور عامر ‘ کاکا نے بھائی کو دبوچ لیا جبکہ آصف نے بھائی کو گولی مار دی جو سیدھی سینے پر جاکر لگی ۔

گولی مارتے ہی ملزمان موقع سے فرار ہوگئے مقتول حیات کو پمز ہسپتال لایا گیا جہاں اس نے اپنا بیان ریکارڈ کروایا بعد ازاں محمد حیات زخموں کی تاب نہ لاسکا اور چل بسا پولیس تھانہ کورال نے مقدمے کا اندراج کرلیا ہے۔ تفتیشی افسر سیف اللہ نے بتایا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں جو جلد قانون کی گرفتار میں ہوں گے۔ (عابد شاہ/حسن رضا)

متعلقہ عنوان :