حکمرانوں کا سارا پیسہ اقتدار سے آیا ہے، شیخ رشید

پیر کو عدالت میں لسٹ جمع کراؤں گا جس میں پانامہ کیس کے حوالے سے ثبوت ہیں ، نجی ٹی وی سے گفتگو

ہفتہ 21 جنوری 2017 23:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جنوری2017ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکمرانوں کا سارا پیسہ اقتدار سے آیا ہے،پانامہ کیس صرف ایک لائن کا کیس ہے،بی بی سی نے بھی کہا ہے کہ نوازشریف صادق اور امین نہیں ہیں،پانامہ کیس بھی صرف اتنا ہے کہ نوازشریف صادق اور امین نہیں ہیں،عوامی کی عدالت میں نوازشریف کیس ہار چکے ہیں اور ہم کیس ہار کر بھی عوام کی عدالت میں جیت جائیں گے۔

ہفتے کے روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ حکمرانوں کے پاس منی لانڈرنگ کرنے والے ماہر دماغ موجود ہیں،جتنے بھی کالا دھن کرنے والے ہیں سب حکمرانوں کے حامی ہیں،حکمرانوں نے ساری دولت اقتدار سے کمائی ہے،بیرون ملک فلیٹس نوازشریف کے ہیں،وزیراعظم کے بچوں کے نام ان سے دولت منتقل ہوئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام جلدی انصاف چاہتے ہیں،امید ہے کہ پانامہ کیس کا اچھا فیصلہ آئے گا،حکمران عوام کی عدالت میں کیس ہار چکے ہیں اور ہم ہار کر بھی عوام کی عدالت میں کیس جیت جائیں گے ،پانامہ کیس صرف ایک لائن کا کیس ہے،یہ ثابت ہونا ہے کہ حکمران صادق اور امین نہیں رہے،بی بی سی نے بھی اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ نوازشریف صادق اور امین نہیں رہے۔

انہوں نے کہا کہ پیر کے روز عدالت میں ایک لسٹ جمع کراؤں گا جس میں پانامہ کیس کے حوالے سے ثبوت ہیں۔۔۔(ولی)