سرتاج عزیز کی ڈونلڈٹر مپ کو امریکہ کے 45 ویں صدر کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد

پاکستان نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ آزادی ‘ جمہوریت ‘ امن اور خوشحالی کے حوالے سے مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے ،خطے میں امن ‘ سلامتی اور استحکام کیلئے پاکستان اور امریکہ کے درمیان قریبی تعاون ناگزیر ہے،پاکستان اور امریکہ انسداد دہشت گردی ‘ سیکیورٹی ‘ تجارت اور دیگر شعبوں میں قریبی پارٹنر ہیںاور ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے رہے ہیں، مشیر خارجہ

ہفتہ 21 جنوری 2017 23:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جنوری2017ء) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے ڈونلڈٹر مپ کو امریکہ کے 45 ویں صدر کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ آزادی ‘ جمہوریت ‘ امن اور خوشحالی کے حوالے سے مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے ،خطے میں امن ‘ سلامتی اور استحکام کیلئے پاکستان اور امریکہ کے درمیان قریبی تعاون ناگزیر ہے،پاکستان اور امریکہ انسداد دہشت گردی ‘ سیکیورٹی ‘ تجارت اور دیگر شعبوں میں قریبی پارٹنر ہیںاور ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے رہے ہیں۔

ہفتہ کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے امریکہ کے نئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔

(جاری ہے)

نئی امریکی انتظامیہ کے تحت پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کے حوالے سے میڈیا کی جانب سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پاکستان کے عوام اور حکومت امریکہ میں کامیابی سے حکومت کی تبدیلی کو خوش آمدید کہتے ہیں ا ور ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکہ کے 45 ویں صدر کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

امریکہ کے نو منتخب صدر کے ساتھ وزیر اعظم نواز شریف کے دوستانہ اور گرم جوشی سے تبادلہ خیال کو یاد کرتے ہوئے مشیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ آزادی ‘ جمہوریت ‘ امن اور خوشحالی کے حوالے سے مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔ پاکستان اور امریکہ انسداد دہشت گردی ‘ سیکیورٹی ‘ تجارت ‘ سرمایہ کاری ‘ توانائی ‘ دفاع اور اسٹریٹجک ایشوز اور تعلیم کے ساتھ دیگر شعبوں میں قریبی پارٹنر ہیں اور ان شعبوں میں تعاون کی لمبی تاریخ رکھتے ہیں۔

امریکہ میں پاکستان کے کثیر تعداد میں تارکین وطن موجود ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ پاکستان تعلقات کو مزید بہتر کرنے کا خواہاں ہے اور اعلیٰ سطح کے تبادلوں کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پختہ یقین رکھتا ہے کہ‘ خطے کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اور وسائل اور مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کیلئے پاکستان اور امریکہ کا تعلق جاری رہنا چاہیے۔ …(رانا+ و خ)