لاہور بورڈ کے شعبہ آئی ٹی کے ماہرین کا تعلیمی بورڈ فیصل آباد کا دورہ

ہفتہ 21 جنوری 2017 22:58

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2017ء) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور کے شعبہ آئی ٹی سے تعلق رکھنے والے افسران سسٹم اینالسٹ وقاص جاوید و نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر وقاص بٹ نے رزلٹ کی تیاری کے حوالہ سے جدید ترین آٹومیٹڈ سکیننگ و آپٹیکل مارک ریڈر سسٹم کا مشاہدہ کرنے کیلئے ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد کا دورہ کیا جہاں سسٹم اینالسٹ ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد محمد طارق اور پروگرامر محمد عثمان نے ان کا استقبال کیا۔

رسمی کارروائی کے بعد لاہور کے وفد نے ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد کے کمپیوٹر سیکشن کا دورہ کیا اور وہاں حکومت پنجاب کے ایس او پیز کے مطابق تیار کئے جانے والے رزلٹ کی تیاری کے مختلف مراحل کو بڑی دلچسپی سے دیکھا ۔ اس موقع پر چیئرمین بورڈ پروفیسر مہر غلام محمد جھگڑ نے بتایا کہ اب امتحان میٹرک سالانہ 2017ء کی تیاری کا کام بامِ عروج پر ہے اس لئے ہماری تمام تر توجہ امتحانی نظام کی شفافیت و بوٹی مافیا کے خاتمہ پر مرکوز ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے بوٹی مافیا و ٹائوٹ ازم کا جڑ سے خاتمہ کر دیا ہے کیونکہ ہم نے ایسا نظام ترتیب دیا ہے جس کی وجہ سے اب امتحانی سنٹروں میں کسی بھی ایک سکول کے طلباء وطالبات اکٹھے نہیں بیٹھ سکتے بلکہ انہیں ری شیفلنگ کے ذریعے بٹھایا جاتا ہے جس کی وجہ سے نقل کا رجحان نہ ہونے کے برابر رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق طلباء وطالبات کو تمام تر سہولیات کی فراہمی کیلئے ایجوکیشن بورڈ کے تمام سسٹم کو اًپ گریڈ کر دیا گیا ہے جس کے ثمرات اب تمام لوگوں تک باآسانی پہنچ رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ امتحانی نظام کنڈکٹ کرنے کیلئے امتحانی عملہ کی تعیناتی‘ اس کی مانیٹرنگ اور انہیں معاوضوں کی ادائیگی کا تمام تر سسٹم بھی آن لائن ہو چکا ہے۔ اسی طرح بورڈ ملازمین کے ریکارڈ کو محفوظ رکھنے کیلئے بھی ایک ایساسافٹ ویئرتیار کیا گیا ہے جس میں ان کی تنخواہ سے لے کر حاضری اور غیرحاضری سمیت تمام تر کٹوتی اور دفتر میں دخول و خروج بارے نہ صرف تمام تر معلومات موجود ہیں بلکہ کسی بھی ملازم کا اگر ریکارڈ چیک کرنا مقصود ہو تو کمپیوٹر میں صرف آئی ڈی نمبر دینے سے اس کی تمام تر معلومات کو باآسانی چیک کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے طلباء وطالبات کی سہولت اور ان کے قیمتی وقت کو بچانے کے پیش نظر ون ونڈو سسٹم رائج کیا جس کی وجہ سے اب فوری طور پر انہیں مائیگریشن اور این او سی جاری کر دیا جاتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اب ہم نے چالان ویری فکیشن سسٹم کو بھی آن لائن کر دیا ہے پہلے بنکوں سے سکرول آتے ہوئے کئی دن لگ جاتے تھے جس کی وجہ سے لوگوں کے کاموں میں تاخیر ہو رہی تھی مگر اب کوئی بھی شخص بورڈ کی مقرر کردہ بنک برانچز میں فیس جمع کروا دے تو چالان فارم کی آن لائن ہی ویری فکیشن کرکے فوری طور پر اسے بیرون ملک کی تصدیقی اسناد وغیرہ جاری کر دی جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طلباء و طالبات و ان کے تعلیمی اداروں کی سہولت کے پیش نظر ہم نے ان کے داخلہ فارموں سے لے کر رول نمبرسلپس اور رزلٹ کارڈ تک کا تمام تر سسٹم آن لائن کر دیا ہے اب انہیں بورڈ آفس کے چکر لگانے نہیں پڑتے بلکہ وہ اپنے ادارہ میں بیٹھے ہی نہ صرف رول نمبر سلپس‘ رزلٹ کارڈز اپنے آئی ڈیز سے نکال لیتے ہیں بلکہ انہیں اگر درستگی کرنا مقصود ہو تو بھی وہ خود ہی کر لیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے آج پوری دنیا گلوبل ویلج بن چکی ہے چونکہ کمپیوٹر نتائج کو ہی اب معتبر مانا جاتا ہے اس لئے ہم نے کمپیوٹر کے شعبہ میں بھرپور محنت کی جس کی بدولت آج مجھے یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ الحمداللہ ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد اب پنجاب کا ہی نہیں بلکہ پاکستان بھرکا ماڈل ادارہ بن چکا ہے ۔ لاہور کے وفد نے چیئرمین بورڈ پروفیسر مہر غلام محمد جھگڑ کی قیادت میں ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد کی ترقی کے کامیاب سفر پر انہیں مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ہم بھی جلد ہی ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد کے جدید ترین سافٹ ویئرز کو اپنے ادارہ میں لیجائیں گے تاکہ وہاں کے طلباء وطالبات بھی اِن پروگرامز سے مستفید ہو سکیں۔

متعلقہ عنوان :